ہم جنگل بچاؤ ، جنگل بڑھاؤ نعرے کے ساتھ کام کررہے ہیں: کے سی آر

یوم شہیدان جنگلات کے موقع پر جاری کردہ بیان میں چیف منسٹر نے تحفظ جنگلات کے لئے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کی قربانی دے چکے فارسٹ ملازمین کو خراج پیش کیا۔

حیدرآباد:چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ، انسان کی ترقی فطرت اور ماحولیات کی مدد سے ممکن ہے۔ آج یوم شہیدان جنگلات کے موقع پر جاری کردہ بیان میں چیف منسٹر نے تحفظ جنگلات کے لئے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کی قربانی دے چکے فارسٹ ملازمین کو خراج پیش کیا اور کہاکہ محکمہ جنگلات کے ملازمین جنہوں نے لگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا وہ جذبہ ہم سب کے لئے مثالی ہے۔

 زمانہ قدیم سے انسان اور جنگل ایک دوسرے کے لازم و ملزوم رہے ہیں۔ انسان کی ترقی فطرت اور ماحولیات کی مددسے ممکن ہے۔ اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے ابتدائی دنوں سے ہی جنگلات کے تحفظ اور سبزہ کے فروغ کو ترجیحات میں شامل کررکھا ہے۔

 حکومت سبزہ کی شرح میں اضافہ کے مقصد سے ”جنگل بچاؤ، جنگل بڑھاؤ“کے نعرے کے ساتھ کام کررہی ہے۔ حکومت تلنگانہ اسی نظریہ کے ساتھ ریاست کو رہائش کیلئے موزوں ترین مقام بنانے کیلئے سبزہ کے رقبہ میں اضافہ کررہی ہے اور جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنارہی  ہے۔

آئندہ نسلوں کو زیادہ سے زیادہ سبز ماحول بطور تحفہ دینے مسلسل کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔ گذشتہ 7 برسوں کے دوران حکومت کی کوششوں اور حاصل کامیابی سے عوام بخوبی واقف ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تحفظ جنگلات کے دوران محکمہ فاریسٹ کا عملہ انتہائی جرات مندی اور بہادری سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔ انہیں فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کی بھی پروا نہیں رہتی۔ فرائض کی انجام دہی کے دوران 21 عہدیدار اور ملازمین نے اپنی جانوں کو ریاست تلنگانہ کیلئے قربان کردیا۔

 ان عظیم سپوتوں کو ایک ایک نام سے یاد رکھا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یوم شہیدان جنگلات کے موقع پر ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے شہید ملازمین کے افراد خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فطرت، جنگلات اور ماحولیات کے تحفظ کا تجدید عہد کریں۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.