اعجازپٹیل ٹسٹ کی ایک اننگز میں 10 وکٹس لینے والے دنیا کے تیسرے بولر بن گئے

ممبئی میں پیدا ہونے والے اعجاز 68 فرسٹ کلاس میچ کھیلنے کے بعد بھی ایک اننگز میں صرف 6 وکٹیں لے سکے تھے لیکن انہوں نے ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ایک نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔

ممبئی: نیوزی لینڈ کے اسپن گیندباز اعجاز پٹیل ٹسٹ کی ایک اننگز میں 10 وکٹ لینے والے دنیا کے تیسرے گیند باز بن گئے۔ انہوں نے ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ کے دوسرے دن یہ کارنامہ انجام دیا۔ اعجاز پٹیل نے ہندوستان کے محمد سراج کے طورپر اپنی 10ویں وکٹ حاصل کی۔ وہ ہندوستان کے انیل کمبلے اور انگلینڈ کے جم لیکر کے بعد یہ کارنامہ انجام دینے والے صرف تیسرے کھلاڑی ہیں۔

 اب تک تینوں مرتبہ یہ کارنامہ اسپن گیند بازوں نے ہی انجام دیاہے لیکن پہلی بار کسی گیند باز نے گھر کے باہر یہ کارنامہ انجام دیاہے۔ اس سے پہلے انیل کمبلے اور جم لیکر گھر پر یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ اعجاز پٹیل کے بارے میں بات کریں تو یہ ان کا مجموعی طورپر 10 واں ٹسٹ ہے۔ اس سے قبل وہ ایک بار بھی اننگز میں 5 سے زیادہ وکٹیں نہیں لے سکے تھے۔ ان کی بہترین کارکردگی 59 رنز دیکر 5 وکٹیں تھیں۔

 ممبئی میں پیدا ہونے والے اعجاز 68 فرسٹ کلاس میچ کھیلنے کے بعد بھی ایک اننگز میں صرف 6 وکٹیں لے سکے تھے لیکن انہوں نے ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ایک نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔ جم لیکر نے آسٹریلیا جبکہ انیل کمبلے نے پاکستان کے خلاف یہ ریکارڈ بنایاتھا۔ انگلینڈ کے آف اسپنر جم لیکر نے پہلی بار یہ کارنامہ 1956 میں مانچسٹر میں آسٹریلیا کے خلاف انجام دیا تھا۔ انہوں نے 51.2 اوورز میں 53 رنز دیکر 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہیں ہندوستان کے سابق لیگ اسپنر انیل کمبلے نے 1999 میں دہلی میں پاکستان کے خلاف 10 وکٹیں لینے کا ریکارڈ بنایا تھا۔ انہوں نے 26.3 اوورز میں 74 رنز دیکر 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اب اعجاز پٹیل کی بات کریں تو انہوں نے 47.5 اوورز میں 119 رنز دیکر 10 وکٹیں حاصل کیں۔ اعجاز پٹیل کی 10 وکٹوں کی بات کریں تو انہوں نے 2 کھلاڑیوں کو بولڈ کیا جبکہ 3 کو ایل بی ڈبلیو‘ 5 بلے باز کیچ آؤٹ ہوئے لیکن ویراٹ کوہلی کا وکٹ ان کیلئے خوش قسمت رہا۔ یہاں سے انہوں نے ٹیم انڈیا پر دباؤ ڈالنا شروع کردیا۔ انہوں نے پہلے دن 4 اور دوسرے دن 6 وکٹیں حاصل کیں۔ جب جم لیکر نے آسٹریلیا کے خلاف 10 وکٹیں لیں تو یہ میچ کی تیسری اننگز تھی۔ تیسری اننگز سے پچ سے اسپن گیند بازوں کو مدد ملنے لگتی ہے۔ وہیں انیل کمبلے نے چوتھی اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ اعجاز پٹیل پہلی اننگز میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس طرح صرف 11ویں ٹسٹ میں وہ نیوزی لینڈ کی ٹسٹ تاریخ کے بہترین بولر بھی بن گئے ہیں۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.