شمال مشرق

غیر بی جے پی حکومتوں کو گرانے مرکزی ایجنسیوں کا استعمال: ممتا بنرجی

ممتا بنرجی نے کہاکہ بی جے پی، مہاشٹرا کے ماڈل پر منتخبہ ریاستی حکومتوں کو گرانے کے لیے کہاں سے ہزاروں کروڑ روپئے حاصل کررہی ہے۔ بی جے پی، حوالہ کے ذریعہ بیرونی ممالک سے رقم جمع کررہی ہے۔

کولکتہ: مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے پیر کے دن کہا کہ زعفرانی کیمپ کی مخالف جماعتوں کی جانب سے چلائی جارہی منتخبہ ریاستی حکومتوں کو گرانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں اور بی جے پی کی ناجائز طور پر حاصل کردہ دولت کا استعمال کیا جارہا ہے۔

 انہوں نے اگلے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کا عزم ظاہر کیا۔بنرجی نے اپنی پارٹی کی اسٹوڈنٹ وِنگ کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایم سی کے قائدین جن میں وہ، فرحاد حکیم اور ابھیشیک بنرجی شامل ہیں، کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم شروع کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہر ایک کو سارق کے طور پر پیش کررہی ہے۔ وہ اس طرح سے مہم چلا رہے ہیں کہ ٹی ایم سی میں شامل ہم تمام سارق ہیں اور صرف بی جے پی اور اس کے قائدین مقدس ہیں۔ اگر میں سیاست میں نہیں ہوتی تو میں ان کی زبانیں کھینچ لیتی۔

 یہ اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کہ حکیم کو گرفتار کیا جاسکتا ہے، کیوں کہ مرکزی ایجنسیوں نے حال ہی میں انہیں طلب کیا، ٹی ایم سی کی سربراہ نے کہا کہ اگر انہیں گرفتار کیا گیا تو یہ یقینی ہوگا کہ یہ جھوٹا کیس ہوگا، یہ انہیں محض ہراساں کرنے کے لیے ہوگا۔ وہ (بی جے بی) ٹی ایم سی قائدین کی دولت کے بارے میں بات کررہے ہیں۔

بی جے پی، مہاشٹرا کے ماڈل پر منتخبہ ریاستی حکومتوں کو گرانے کے لیے کہاں سے ہزاروں کروڑ روپئے حاصل کررہی ہے۔ بی جے پی، حوالہ کے ذریعہ بیرونی ممالک سے رقم جمع کررہی ہے۔ بی جے پی کو 2024ء لوک سبھا انتخابات میں ہرانا پڑے گا۔

علحدہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج کہاکہ2024میں مرکزمیں بی جے پی کواقتدارسے بیدخل کرناان کی آخری لڑائی ہوگی۔تاہم67 سالہ ترنمول کانگریس سربراہ نے اپنے ریمارک کی وضاحت نہیں کی۔

 انہوں نے ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ2024کے لوک سبھاانتخابات میں بی جے پی کوہراناہوگا۔ مرکزمیں اقتدارسے بھگواجماعت کوہٹانے کی لڑائی میری آخری ہوگی۔میں وعدہ کرتی ہوں کہ بی جے پی کواقتدارسے بیدخل کردوں گی۔