پاکستان، افغانستان کو ہراکر سیمی فائنل میں داخل

پاکستان کو جیت کیلئے آخری 2 اوورس میں 24 رنوں کی ضرورت تھی تاہم آصف علی نے 19 ویں اوور میں 4 چھکے لگاکر ٹیم کو ایک اوور پہلے ہی جیت دلادی۔

دبئی: مڈل آرڈ ربلے باز آصف علی کی دھواں دھار بلے بازی کی مدد سے پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹس سے شکست دیکر جاریہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مسلسل تیسری جیت کے ذریعہ سیمی فائنل میں داخل ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

پاکستان کو جیت کیلئے 148 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے ایک اوور پہلے 5 وکٹس کھوکر بنالئے۔ پاکستان کو جیت کیلئے آخری 2 اوورس میں 24 رنوں کی ضرورت تھی تاہم آصف علی نے 19 ویں اوور میں 4 چھکے لگاکر ٹیم کو ایک اوور پہلے ہی جیت دلادی۔

آصف علی 7 گیندوں میں 4 چھکوں کی مدد سے 25 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بابراعظم 51‘ محمد رضوان 8‘ فخر زمان 30‘ محمد حفیظ 10 اور شعیب ملک 19 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 2 جبکہ مجیب الرحمن‘ محمد نبی اور نویدالحق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں افغانستان نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے کپتان محمد نبی اور گلبدین نائب کی شاندار بیاٹنگ کی مدد سے 147 رن بنائے۔

افغانستان نے ایک موقع پر محض 76 رنوں پر اپنے 6 وکٹس گنوادیئے تھے تاہم محمد نبی اور گلبدین نائب نے ساتویں وکٹ کیلئے 79 رنوں کی ناقابل شکست شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط موقف میں پہنچایا۔ محمد نبی 32 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 35 جبکہ گلبدین نائب 25 گیندوں میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 35 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

دیگر بلے بازوں میں محمد شہزاد 8‘ گرباز 10‘ اصغر افغان 10‘ کریم جنت 15 اور نجیب اللہ 22 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کیلئے عماد وسیم نے 2 جبکہ شاہین آفریدی‘ حارث رؤف‘ حسن علی اور شاداب خان نے 1,1وکٹ حاصل کی۔ فاتحانہ اننگز کھیلنے والے آصف علی کو میان آف دی میاچ قرار دیاگیا۔

ذریعہ
اے ایف پی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.