چینائی چوتھی مرتبہ آئی پی ایل چمپئن

کے کے آر کو جیت کیلئے 193 رنوں کی ضرورت تھی تاہم وہ 9 وکٹس کھوکر 165 تک ہی پہنچ پائی۔

دبئی: سلامی بلے باز فاف ڈوپلسی کے علاوہ رابن اتھپا اور معین علی کی جارحانہ بیاٹنگ کی مدد سے چینائی سوپر کنگز نے کولکتہ نائٹ رائیڈرس کو آئی پی ایل 2021 کے فائنل میں 27 رن سے شکست دیکر چوتھی مرتبہ چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

کے کے آر کو جیت کیلئے 193 رنوں کی ضرورت تھی تاہم وہ 9 وکٹس کھوکر 165 تک ہی پہنچ پائی۔ کے کے آر کیلئے سلامی بلے باز شبھمان گل اور وینکٹیش ایئر نے پہلی وکٹ کیلئے 91 رنوں کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو بہترین شروعات فراہم کی۔ تاہم وینکٹیش ایئر کے آؤٹ ہوتے ہی کے کے آر کی ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔

ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی بلے باز چینائی کے گیندبازوں کا سامنا نہیں کرپایا۔ شبھمان گل 43 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 51 جبکہ ایئر 32 گیندوں میں 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 50 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

شیوم ماوی 20 رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ لوکی فرگوسن 18 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ کے کے آر کے صرف 4 بلے باز ہی دوہرے ہندسے کو عبور کرپائے۔ چینائی کیلئے شردل ٹھاکر نے سب سے زیادہ 3 جبکہ جوش ہیزلووڈ اور رویندر جڈیجہ نے 2,2‘ دیپک چہر اور براوو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سلامی بلے باز ڈوپلسی کو میان آف دی میاچ قرار دیاگیا۔ قبل ازیں پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے چینائی سوپر کنگز نے سلامی بلے بازوں ریتوراج گائیکواڈ اور جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلسی کی شاندار بیاٹنگ کی مدد سے 192 رن بنائے۔ دونوں اوپنرس نے ٹیم کو بہتر شروعات دلاتے ہوئے پہلی وکٹ کیلئے 61 رنوں کی شراکت داری کی۔ گائیکواڈ نے 27 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 32 رن اسکور کئے۔

اس دوران گائیکواڈ نے پنجاب کنگز کے کپتان کے ایل راہول کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بناکر اورینج کیاپ حاصل کرلی۔ گائیکواڈ آئی پی ایل کی تاریخ میں اورینج کیاپ حاصل کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔ ڈوپلسی نے بھی شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے 59 گیندوں میں 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 86 رن بنائے۔

رابن اتھپا 3 چھکوں کی مدد سے 31 جبکہ معین علی 20 گیندوں میں 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 37 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کولکتہ نائٹ رائیڈرس کیلئے سنیل نارائن اور شیوم ماوی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ رائل چیالنجرس بنگلور کے فاسٹ بولر ہرشل پٹیل کو آئی پی ایل 2021 میں سب سے زیادہ وکٹس حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ہرشل پٹیل نے 15 میاچس میں 32 وکٹس حاصل کئے جبکہ دہلی کے اویش خا16 میاچس میں 24 وکٹوں کے ساتھ دوسرے مقام پر رہے۔ ممبئی انڈینس کے جسپریت بمراہ تیسرے مقام پر رہے۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.