ہند۔ نیوزی لینڈ ٹی 20 سیریز کا 17نومبر سے آغاز

ٹیم انڈیا نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں نئے کپتان روہت شرما اور نئے کوچ راہول ڈراوڈ کی رہنمائی میں یہاں پہلے ٹی 20 میچ میں چہارشنبہ کو کیوی ٹیم سے شکست کا انتقام لینے کے ارادے سے اترے گی۔

جے پور: ٹی 20 ورلڈ کپ کی ناکامی کے بعد ٹیم انڈیا نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں نئے کپتان روہت شرما اور نئے کوچ راہول ڈراوڈ کی رہنمائی میں یہاں پہلے ٹی 20 میچ میں چہارشنبہ کو کیوی ٹیم سے شکست کا انتقام لینے کے ارادے سے اترے گی۔ اس سیریز میں جہاں ہندوستان کو ایک نیا کپتان ملے گا، وہیں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ٹسٹ سیریز میں تازہ رہنے کے لیے ہندوستان کے خلاف اس تین میچوں کی سیریز میں نہیں کھیلیں گے۔ ان کی جگہ تجربہ کار فاسٹ باؤلر ٹم ساوتھی لیں گے جو اس سے قبل بھی نیوزی لینڈکی کپتانی کر چکے ہیں۔

 ہندوستان نے محدود اوورس کی سیریز کیلئے 16 رکنی اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے جس میں ویراٹ، محمد شامی اور جسپریت بمراہ سمیت کئی سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔ دوسری جانب محمد سراج کو طویل عرصہ بعد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یوزویندر چہل بھی ٹیم کا حصہ رہیں گے جنہیں ورلڈ کپ اسکواڈ میں موقع نہیں ملا تھا۔ دبئی میں ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کے 24 گھنٹے کے اندر نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی اور ٹسٹ سیریز کھیلنے ہندوستان کے شہر جے پور پہنچ گئی ہے جہاں نیوزی لینڈ کے 10 کے قریب ٹسٹ اسپیشلسٹ کھلاڑی پہلے ہی پہنچ چکے تھے۔

 ہندوستان کو ورلڈ کپ کے اپنے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں نو وکٹوں سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، ورلڈ کپ میں کپتان ویراٹ کوہلی پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی کپتانی چھوڑ چکے ہیں جبکہ بطور کوچ روی شاستری کے عہدہ کی مدت کار بھی عالمی کپ کے بعد ختم ہوچکی ہے۔ روہت شرما کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا نیا کپتان بنایا گیا ہے جبکہ ڈراوڑ کو کوچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اب یہ روہت اور دراوڑپر منحصر ہے کہ وہ پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلہ کیلئے صحیح توازن تلاش کریں تاکہ ٹیم سیریز میں فاتحانہ آغاز کر سکے۔

روہت کے ساتھ اوپننگ میں سلامی بلے باز اور ٹیم کے نئے مقرر نائب کپتان لوکیش راہل میدان میں اتریں گے۔ ٹیم میں چار نئے یا تقریباً نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔ انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) 2021 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے سلامی بلے باز ریتوراج گائیکواڑ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی سیریز کے دوران ڈیبیو کیا تھا۔ آل راؤنڈر وینکٹیش ایر اور تیز گیند باز ہرشل پٹیل اور اویش خان اپنے ڈیبیو کا انتظار کر رہے ہیں۔

 لیگ اسپنر یوزویندر چہل جو آئی پی ایل 2021 کے دوسرے مرحلہ میں شاندار کارکردگی کے باوجود ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جگہ بنانے سے محروم رہے، ہندوستانی ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں۔ ورلڈ کپ اسکواڈ میں ان کی جگہ لینے والے راہل چاہر کو ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پراسرار اسپنر ورون چکرورتی بھی موجودہ ہندوستانی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ شریس ایر نے واپسی کی ہے۔ وہ کندھے کے زخم سے صحت یاب ہونے کے باوجود میچ پریکٹس سے محروم ہونے کے بعد ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر ہو گئے تھے۔

ابتدائی طورپر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ رہنے والے اکشر پٹیل بھی اس ٹیم میں شامل ہیں۔ انہیں ورلڈ کپ کے آغاز سے عین قبل ریزرو کھلاڑیوں میں بھیجا گیا تھا اور ان کی جگہ شاردل کو مرکزی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ ہندوستان کے نئے کوچ راہول دراوڑ کی قیادت میں یہ پہلی سیریز ہوگی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ٹم ساوتھی کے علاوہ صرف کائل جیمیسن، ڈیرل مشل، گلین فلپس اور مشل سینٹنر ہی ٹی ٹوئنٹی اور ٹسٹ دونوں سیریز میں کھیلیں گے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انتظامیہ لوکی فرگوسن کی انجری پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے جو انجری کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے تھے۔

تاہم اب وہ فٹ ہیں اور نیوزی لینڈ کرکٹ نے کہا ہے کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہونے کے بعد ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گے۔ ہندوستان: روہت شرما (کپتان)، لوکیش راہل (نائب کپتان)، رتوراج گائیکواڑ، شریس ایّر، سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت (وکٹ)، ایشان کشن (وکٹ)، وینکٹیش ایر، یوزویندر چہل، روی چندرن اشون، بھونیشور کمار، دیپک چاہر، ہرشل پٹیل، محمد سراج، اکشر پٹیل، اویش خان۔ نیوزی لینڈ: ٹم ساوتھی (کپتان)، ڈیرل مشل، مارٹن گپٹل، گلین فلپس، جمی نیشم، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، مارک چیپ مین، ٹوڈ ایسٹل، ٹرینٹ بولٹ، لاکی فرگیوسن، کائل جیمیسن، ایڈم ملنے، مشل سینٹنر، ایش سوڑھی۔

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.