شمالی بھارت

بھارت جوڑو یاترا : دھمکی آمیز مکتوب کے سلسلہ میں 2 مشتبہ افراد گرفتار

مدھیہ پردیش میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے 28 نومبر کو خالصہ اسٹیڈیم میں ہالٹ (توقف) کی صورت میں اندور میں بم دھماکے کرنے کے گمنام مکتوب کے معاملہ میں پولیس نے 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

بھوپال: مدھیہ پردیش میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے 28 نومبر کو خالصہ اسٹیڈیم میں ہالٹ (توقف) کی صورت میں اندور میں بم دھماکے کرنے کے گمنام مکتوب کے معاملہ میں پولیس نے 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے ہفتہ کے دن کہا کہ 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ مزید 3 کی نشاندہی ہوئی ہے اور پولیس ٹیم ہریانہ گئی ہوئی ہے۔

ریاستی کانگریس قائدین کہہ چکے ہیں کہ بھارت جوڑو یاترا مہاراشٹرا سے 20 نومبر کو مدھیہ پردیش کے برہان پور میں داخل ہوسکتی ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کے دوران اندور میں بم دھماکے کرنے کا ایک گمنام مکتوب ملنے کے ایک دن بعد مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے ہفتہ کے دن کہا کہ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کو سیکوریٹی فراہم کرنا ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

گمنام خط میں دھمکی دی گئی کہ بھارت جوڑو یاترا نے 28 نومبر کو خالصہ اسٹیڈیم میں نائٹ ہالٹ (رات میں توقف) کیا تو شہر میں بم دھماکے کئے جائیں گے۔ مکتوب میں 1984 کے مخالف سکھ فسادات کا حوالہ دیا گیا۔ اس میں راہول گاندھی اور صدر مدھیہ پردیش کانگریس کمل ناتھ کو قتل کردینے کی دھمکی بھی دی گئی۔

مشرا نے دھمکی دینے والے کے بارے میں پوچھے جانے پر میڈیا نمائندوں سے کہا کہ مدھیہ پردیش میں بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہول گاندھی کو پختہ سیکوریٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اندور پولیس نے جمعہ کے دن کہا تھا کہ شہر کے جونی علاقہ میں جمعرات کی شام مٹھائی۔ نمکین کی دکان میں گمنام مکتوب ملا تھا۔ جمعہ کے دن ایف آئی آر درج ہوئی۔

آئی اے این ایس کے بموجب مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے کہا ہے کہ ریاست میں بھارت جوڑو یاترا کو خطرہ خارج ازامکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے مدھیہ پردیش میں راہول گاندھی کی یاترا کو مکمل سیکوریٹی کی فراہمی یقینی بنائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے۔ راہول گاندھی اور کانگریس کو اکثر نشانہ ئ تنقید بنانے والے نروتم مشرا نے تاہم کمل ناتھ پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے جاریہ ماہ خالصہ اسٹیڈیم میں ایک تقریب میں شرکت کرکے 1984 کے مخالف سکھ فسادات متاثرین کے زخموں پر نمک چھڑکا۔ کمل ناتھ پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاید کمل ناتھ جی نہیں چاہتے کہ راہول گاندھی کی یاترا مدھیہ پردیش آئے اسی لئے وہ ایسے کرتب کررہے ہیں۔

اندور پولیس نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ جمعہ کے دن نامعلوم ملزم کے خلاف کیس درج کرلیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اندور کے اعلیٰ عہدیدار‘ ملزم پر قومی سلامتی قانون(این ایس اے) لگانے پر غور کررہے ہیں۔ کرنال کے ایک نوجوان کے ووٹر آئی ڈی کارڈ کی زیراکس کاپی پر ہندی زبان میں لکھے گئے دھمکی آمیز مکتوب میں گندی زبان کا استعمال کیاگیا۔