شمالی بھارت

کانگریس، اپوزیشن اتحاد کیلئے ٹھوس کوشش نہیں کررہی ہے: تیجسوی یادو

تیجسوی یادو نے ہفتہ کے دن پٹنہ میں کہا کہ کانگریس کو چھوڑکر سبھی اپوزیشن جماعتیں 2024کے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی سے ٹکر لینے متحد ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی پہل نہیں کی ہے۔

پٹنہ: ڈپٹی چیف منسٹر بہار تیجسوی یادو نے ہفتہ کے دن پٹنہ میں کہا کہ کانگریس کو چھوڑکر سبھی اپوزیشن جماعتیں 2024کے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی سے ٹکر لینے متحد ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی پہل نہیں کی ہے۔

متعلقہ خبریں
سی پی آئی اور کانگریس میں تنازعہ جاری
ملک میں 11 سیاسی جماعتیں، غیرجانبدار
بی جے پی کو ہرانے متحدہ الیکشن لڑنے اپوزیشن کا عہد
تیجسوی یادو کو جاریہ ماہ گرفتار نہیں کیا جائے گا: عدالت
سکندرآباد کنٹونمنٹ: ضمنی الیکشن کی تاریخ کا اعلان، امیدوار کا انتخاب تمام پارٹیوں کے لئے مسئلہ

تیجسوی یادو نے سی پی آئی ایم ایل کی 11 ویں پارٹی کانگریس کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اپوزیشن جماعتیں 2024 کے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کو مرکز سے ہٹانے پر اٹل ہیں لیکن کانگریس کوئی ٹھوس کوششیں نہیں کررہی ہے۔

میں کانگریس سے خواہش کرتا ہوں کہ وہ اپوزیشن اتحاد میں پہل کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کانگریس کی راست لڑائی بی جے پی سے ہے۔ اسی کے ساتھ کانگریس کو چاہئے کہ وہ ریاستوں میں علاقائی جماعتوں کو جہاں وہ طاقتور ہیں‘ ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے رہنے دے۔ ملک کی سب سے پرانی جماعت کو چاہئے کہ وہ اپوزیشن اتحاد کے لئے مزید کوئی تاخیر نہ کرے۔

قبل ازیں سینئر کانگریس قائد سلمان خورشید نے اسی جلسہ میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ہم (کانگریس) اور آپ (نتیش کمار‘ تیجسوی یادو اور ملک کی دیگراپوزیشن جماعتیں) ایک ہی خواہش رکھتے ہیں کہ بی جے پی کو زوال سے دوچار کیا جائے۔ ہم ایک ہی طرف کھڑے ہیں لیکن انتظار کررہے ہیں کہ ہم میں سے پہل دوسرا کرے۔ تیجسوی یادو نے حال میں چیف منسٹر جھارکھنڈ ہیمنت سورین اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال سے ملاقات کی تھی۔

وہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ سے بھی ملنے کا منصوبہ رکھتے تھے لیکن تلنگانہ میں مثالی ضابطہ ئ اخلاق لاگو ہونے کی وجہ سے انہیں اپنا پروگرام ملتوی کرنا پڑا تھا۔

بہار میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے کے بعد چیف منسٹر نتیش کمار نے گزشتہ برس دہلی میں 3 دن قیام کیا تھا اور کئی قائدین بشمول سونیا گاندھی‘ راہول گاندھی‘ سیتارام یچوری‘ ڈی راجہ‘ اکھلیش یادو‘ اروند کجریوال اور اوم پرکاش چوٹالہ سے اپوزیشن اتحاد کے لئے ملاقاتیں کی تھیں۔