تلنگانہ

تلنگانہ: گاڑیوں پر ٹی ایس کے بجائے ٹی جی کیا سب کے لئے لازمی ہے؟

ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے عہدیدار تلنگانہ میں گاڑیوں کے رجسٹریشن میں'TS'  کو 'TG' سے تبدیل کرنے کے لئے رہنمایانہ خطوط کی تیاری میں مصروف ہیں۔

حیدرآباد: ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے عہدیدار تلنگانہ میں گاڑیوں کے رجسٹریشن میں’TS’  کو ‘TG’ سے تبدیل کرنے کے لئے رہنمایانہ خطوط کی تیاری میں مصروف ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ جو نمبر پلیٹس فی الحال TS ہیں، وہ جاری رہیں گی جبکہ تبدیلی کا اطلاق صرف نئی گاڑیوں پر ہوگا۔ اس سلسلہ میں گائیڈ لائنز چند دنوں میں جاری ہونے کی امید ہے۔

آر ٹی اے کے سینئر عہدیداروں نے اشارہ دیا کہ جیسے ہی ریاستی حکومت کے احکام جاری ہوں گے، اور اس کا نفاذ عمل میں آئے گا، فوراً تلنگانہ میں سڑکوں پر آنے والی نئی گاڑیوں پر ‘ٹی جی’ سیریز نمبر پلیٹس لگائی جائیں گی۔

بتادیں کہ ابتدائی طور پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اس بات کا امکان ہے کہ پرانی گاڑیوں کے مالکان کو بھی نمبر پلیٹوں میں تبدیلیاں کرنی پڑیں گی اور نئی سیریز ٹی جی اختیار کرنی پڑے گی۔

اگر حکومت تمام موجودہ گاڑیوں کے نمبر پلیٹس کو ٹی جی سے تبدیل کرنے کے احکام جاری کرتے ہوئے فی گاڑی مالکین کو کم از کم 400 روپے خرچ کرنے پڑیں گے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ بھی چند دنوں میں اس سلسلے میں گائیڈ لائنز جاری کرنے کی تیاری کر رہا ہے اور موٹرسائیکل مالکان پر بوجھ ڈالنے سے بچنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

تلنگانہ میں پہلے ہی 1.60 کروڑ گاڑیاں ہیں۔ ریاست بھر میں روزانہ تقریباً 10,000 نئی گاڑیوں کا رجسٹریشن ہورہا ہے۔

تاہم حکام صرف نئی رجسٹرڈ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کو ٹی جی میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ موجودہ نمبر پلیٹس جن پر فی الحال ‘TS’ ہے وہ ویسے ہی جاری رہیں گی۔

یہ بھی بتادیں کہ آندھرا پردیش کی تقسیم اور تلنگانہ کی تشکیل کے بعد نئی ریاست میں 30 لاکھ گاڑیاں اے پی رجسٹریشن نمبر پلیٹس کے ساتھ جاری تھیں اور ہیں۔

فی الحال تلنگانہ کے 33 اضلاع کے لوگوں کے پاس ایسی گاڑیاں ہیں جن پر یا تو اے پی سیریز کی نمبر پلیٹیں ہیں (وہ گاڑیاں جو جون 2014 سے پہلے خریدی گئی تھیں) یا TS سیریز کی گاڑیاں ہیں جو تلنگانہ کی تشکیل کے بعد خریدی گئی تھیں۔

اب تازہ فیصلے کے بعد ایک ایسا منظر نامہ سامنے آئے گا جہاں تلنگانہ میں تین رجسٹریشن کوڈس اے پی، ٹی ایس اور ٹی جی والی گاڑیاں سڑکوں پر دکھائی دیں گی۔