شمالی بھارت

جھارکھنڈ میں محرم جلوس کے دوران حادثہ، 4 افراد ہلاک، 10 زخمی

جھارکھنڈ کے ضلع بوکارو میں آج صبح محرم جلوس کی تیاری کے دوران ہائی ٹینشن وائر کے ساتھ ربط میں آنے کے بعد 4 افراد ہلاک اور دیگر 10 زخمی ہوگئے۔

رانچی: جھارکھنڈ کے ضلع بوکارو میں آج صبح محرم جلوس کی تیاری کے دوران ہائی ٹینشن وائر کے ساتھ ربط میں آنے کے بعد 4 افراد ہلاک اور دیگر 10 زخمی ہوگئے۔

یہ واقعہ ریاستی دارالحکومت رانچی سے تقریباً 80 کیلو میٹر دور پیٹار وار پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع کھیٹکو گاؤں میں پیش آیا۔ آہنی ڈنڈے پر لپٹے ہوئے مذہبی پرچم کے ایک وائر سے ٹکرانے کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔ اس وائر میں برقی رو دوڑ رہی تھی۔

بوکارو کے سپرنٹنڈنٹ پولیس پریادرشی آلوک نے یہ بات بتائی۔ انھوں نے بتایا کہ ہفتہ کی صبح 6 بجے کے قریب محرم جلوس کی تیاریوں کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ یہ لوگ مذہبی پرچم اٹھائے ہوئے تھے، جو ایک آہنی ڈنڈے پر لپٹا ہوا تھا۔

یہ ڈنڈا ایک ہائی ٹینشن برقی وائر سے ٹکرایا، جس میں 11 ہزار وولٹ کی برقی رَو دوڑ رہی تھی۔ تمام زخمیوں کو قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ 8 افراد کو بوکارو جنرل ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا، جب کہ 4 زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ 3 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔