مانو میں طلبہ کے تعارفی پروگرام دیکشارمبھ کے دوسرے مرحلے کا انعقاد

ڈاکٹر محمد مجیب این سی سی آفیسر نے 8 نومبر کو این سی سی کے ذریعے قوم کی تعمیرو تشکیل کے عنوان پر طلباءو طالبات کو مفید معلومات فراہم کیں۔

حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں ڈین بہبودی طلبہ اور ایس آئی پی ٹاسک گروپ کے زیرِ اہتمام طلبہ تعارفی پروگرام (دیکشارمبھ) کے دوسرے مرحلے کا انعقاد یکم تا 8 نومبر 2021عمل میں آیا۔

پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی، صدر، ایس آئی پی ٹاسک گروپ کے بموجب ڈاکٹر محمد مجیب این سی سی آفیسر نے 8 نومبر کو این سی سی کے ذریعے قوم کی تعمیرو تشکیل کے عنوان پر طلباءو طالبات کو مفید معلومات فراہم کیں۔

معراج احمد، انچارج، ثقافتی سرگرمیاں نے تخلیقی فنون اور ثقافت کے عنوان سے آگہی فراہم کی جو طلباو طالبات کی تعلیمی ترقی اور شخصیت سازی میںاہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس اجلاس میں ڈین، فلاح بہبود برائے طلباو طالبات پروفیسر سید علیم اشرف جائسی، پروفیسر محمدعبدالسمیع صدیقی، کنوینر دیکشارمبھ ڈاکٹر کہکشاں لطیف وغیرہ موجود تھے۔ آئی ایم سی کی جانب سے 6 نومبر کو مولانا ابوالکلام آزاد پر مشتمل دستاویزی فلم دکھائی گئی۔

اس سے قبل 5 نومبر کو پروفیسر احتشام احمد خاں، ڈین اسکول برائے صحافت اور ذرائع ابلاغ نے خطبہ بعنوان ڈیجیٹل عہد میں اردو صحافت پیش کیا۔ گیارہویں اجلاس میں ڈاکٹر محمد یوسف خان، پرنسپل پالی ٹیکنیک نے روزگار، لیاقت اورتقرری کے موضوع پر مخاطب کیا۔ بارہویں اجلاس میں جناب عمران اسلم، سسٹم انالسٹ نے تعلیمی انصرام میں ٹیکنالوجی کے موضوع پر گفتگو کی۔

ساتویں اجلاس میں پروفیسر محمد عبدالعظیم، پراکٹر نے یونیورسٹی کے اصول و ضوابط کے حوالے سے 3نومبرکو تقریر کی۔ آٹھویں اجلاس میں پروفیسر سلمان احمد خاں، ڈین اسکول آف سائنسز نے ماحولیاتی بیداری پر طلبہ کو مخاطب کیا۔ نویں اجلاس میں ڈاکٹر اختر پرویز، لائبریرین نے بعنوان ”کتب خانے یا لائبریری وسائل“ پر معلومات فراہم کیں۔

2 نومبر کو چوتھے اجلاس میں پروفیسر پی ایف رحمن، ڈائریکٹر یو جی سی ایچ آرڈی سی، مانو نے اعلیٰ تعلیم کی اہمیت و افادیت پر مخاطب کیا۔ پانچویں اجلاس میں ڈاکٹر اے کلیم اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر نظامتِ جسمانی تعلیم نے کھیل کود کی اہمیت پر تقریر کی۔ چھٹے اجلاس میں پروفیسر سنیم فاطمہ، ڈین برائے اسکول آف کامرس اور بزنس مینجمنٹ نے برقی تعلیمی وسائل (موکس) پر معلومات فراہم کیں۔

ذریعہ
پریس نوٹ

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.