کھیل

سریش رائنا آئی پی ایل 2023 میں کھیلنے پر عزم

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق طوفانی بلے باز سریش رائنا کی بات کی جائے تو ہر کرکٹ شائقین کے چہرے پر مسکراہٹ آجاتی ہے۔

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق طوفانی بلے باز سریش رائنا کی بات کی جائے تو ہر کرکٹ شائقین کے چہرے پر مسکراہٹ آجاتی ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ کھیلتے ہوئے رائنا نے اپنی بے مثال اننگز سے ہندوستانی کرکٹ شائقین کو مسکرانے کے اتنے مواقع فراہم کیے ہیں جنہیں شاید ہی کوئی بھول سکے۔ یہی نہیں رائنا نے انڈین پریمیر لیگ میں بھی ایسا ہی کچھ کیا اور اس لیگ میں اپنی کرشماتی بلے بازی کی وجہ سے انہیں مسٹر آئی پی ایل کے نام سے پکارا جانے لگا۔

سریش رائنا کا آئی پی ایل ٹریک ریکارڈ بہت اچھاہے لیکن انہیں آئی پی ایل 2022 میں کوئی خریدار نہیں مل سکا۔ توقع تھی کہ چینائی سوپر کنگز ان کے نام پر بولی لگا سکتی ہے لیکن ایسا نہ ہوسکا اور وہ فروخت نہ ہوسکے لیکن رائنا وہ نام ہے جو ہار نہیں مانتا۔

دہلی میں ایک پروگرام کے دوران جب ان سے پوچھا کہ کیا آپ سے آئی پی ایل 2023 میں کھیلنے کی امید ہے، تو انہوں نے بہت پر اعتماد الفاظ میں جواب دیاکہ ان کی طرف سے سخت محنت جاری ہے اور وہ بھی امید کرتے ہیں کہ کچھ اچھا ہوگا۔ بہت فٹ اور اپنی میٹھی مسکراہٹ پھیلاتے ہوئے رائنا نے یہ بھی کہا کہ ان کا کام سخت محنت کرناہے اور وہ سخت پریکٹس کے ساتھ اپنی فٹنس پر بھی پوری توجہ دے رہے ہیں۔

سریش رائنا سے یہ بھی پوچھا گیاکہ کیا وہ سمجھتے ہیں کہ دنیش کارتک ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہندوستان کیلئے اچھا کام کریں گے، تو انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑی کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ کارتک ان دنوں زبردست کھیل کھیل رہے ہیں اور ایسا لگتاہے کہ ان کی شاندار کارکردگی جاری رہے گی۔ سریش رائنا کو آئی پی ایل کے کامیاب ترین بلے بازوں میں شمار کیا جاتاہے۔

رائنا چینائی سوپر کنگز کیلئے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، اس لیے وہ اس لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے معاملے میں پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ رائنا نے آئی پی ایل کے 205 میچوں میں 5,528 رنز بنائے ہیں۔ آئی پی ایل میں انہوں نے ایک سنچری اور 39 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ وہ اس لیگ میں اب تک 506 چوکے اور 203 چھکے بھی لگاچکے ہیں جبکہ بطور فیلڈر وہ 108 کیچ بھی لے چکے ہیں۔

سریش رائنا نے سال 2020 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ انہوں نے ہندوستان کیلئے 18 ٹسٹ میچوں میں سنچری کے ساتھ 768 رنز بنائے۔ اس مڈل آرڈر بلے باز نے ٹیم انڈیا کیلئے 226 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے جس میں اس نے 5615 رنز بنائے اور اس میں 5 سنچریاں بھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 78 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز سریش رائنا کے نام 1604 رنز درج ہیں۔