کرینہ نے سخت محنت سے بالی ووڈ میں اپنی جگہ بنائی

جھلکیاں
  • کرینہ کپور نے بطور اداکارہ اپنے فلمی کیریر کا آغاز 2000 میں آئی فلم رفیوجی سے کیا۔
  • سال 2002 کرینہ کپور کے کیریر کیلئے اہم سال ثابت ہوا۔ اس برس ان کی ’جینا صرف میرے لئے‘ اور مجھ سے دوستی کرو گے جیسی ہٹ فلمیں ریلیز ہوئیں۔
  • 2007 میں آئی فلم ’جب وی میٹ‘ کرینہ کپور کے کیریئر کی ایک اور سوپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔
  • کہا جاتاہے کہ کرینہ کپور کو ریتک روشن کی فلم ’اگنی پتھ‘ میں آئٹم نمبر کی پیش کش کی گئی تھی، تاہم اداکارہ نے اس سے صاف انکار کیا۔

بالی ووڈ میں کرینہ کپور کو ایک ایسی اداکارہ کے طورپر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے اداکاراؤں کو فلموں میں روایتی طورپر پیش کئے جانے کے طریقوں کو تبدیل کرتے ہوئے اپنی بے باک اداکاری سے ناظرین کے درمیان اپنی خاص شناخت بنائی۔ 21 ستمبر 1980 کو ممبئی میں پیدا ہونے والی کرینہ کپور کو اداکاری کا فن وراثت میں ملا۔ ان کے والد رندھیر کپور اداکار جبکہ ماں ببیتا اور بہن کرشمہ کپور معروف فلم اداکارہ تھیں۔گھر میں فلمی ماحول رہنے کی وجہ سے کرینہ اکثر اپنی بہن کے ساتھ شوٹنگ دیکھنے جایا کرتی تھیں۔ اس وجہ سے ان کا بھی رجحان فلموں کی جانب ہوگیا اور وہ بھی اداکارہ بننے کے خواب دیکھنے لگی۔

کرینہ کپور نے بطور اداکارہ اپنے فلمی کیریر کا آغاز 2000 میں آئی فلم رفیوجی سے کیا۔ اس فلم میں ان کے ہیرو کا کردار ابھیشیک بچن نے ادا کیا تھا جو ان کی بھی پہلی فلم تھی۔ فلم کوئی خاص کمال نہیں دکھا سکی۔

  •  2001 میں آئی فلم مجھے کچھ کہناہے کرینہ کے کیریر کی پہلی سوپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ 2001میں کرینہ کو سبھاش گھئی کی فلم ’یادیں‘ میں کام کرنے کا موقع ملا لیکن کمزورا اسکرپٹ کی وجہ سے یہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر اوندھے منہ گری۔ اسی برس ان کی کبھی خوشی کبھی غم اور اجنبی جیسی سوپر ہٹ فلمیں بھی ریلیز ہوئیں لیکن کامیابی کا کریڈٹ انہیں کم فلم اداکاروں کو زیادہ دیاگیا۔
  • سال 2002 کرینہ کپور کے کیریر کیلئے اہم سال ثابت ہوا۔ اس برس ان کی ’جینا صرف میرے لئے‘ اور مجھ سے دوستی کرو گے جیسی ہٹ فلمیں ریلیز ہوئیں۔ 2003 میں کرینہ کو سورج بڑجاتیہ کی فلم میں ’پریم دیوانی‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں ریتک روشن اور ابھیشیک بچن جیسے ستارے ہونے کے باوجود یہ فلم کے ٹکٹ کھڑکی پر کوئی خاص کمال نہیں دکھا سکی۔

 2004میں کرینہ کی اداکاری کے نئے طول و عرض دیکھنے کو ملے۔ اس برس کرینہ کی یووا، چمیلی، ہلچل اور اعتراض جیسی سوپر ہٹ فلمیں ریلیز ہوئیں۔ سدھیر مشرا کی ہدایت کاری میں بنی فلم چمیلی میں کرینہ نے اپنی بااثر اداکاری سے ناظرین کا دل جیت لیا۔ فلم میں ان کی بااثر اداکاری کیلئے انہیں فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا۔

 2006میں کرینہ کپور کی سوپر ہٹ فلم اومکارہ ریلیز ہوئی۔ وشال بھاردواج کی ہدایت کاری میں بنی فلم اومکارا میں کرینہ کو ان کی اثر انگیز اداکاری کیلئے فلم فیئر کا کریٹکس ایوارڈ ملا۔ اسی برس آئی فلم ڈان میں کرینہ کپور نے کیمیوکیا۔ اس فلم میں کرینہ نے ہیلن کے سوپر ہٹ گانے..یہ میرا دل یار کا دیوانہ پر رقص کرکے ناظرین کو مسحور کردیا۔

سال 2007 میں آئی فلم ’جب وی میٹ‘ کرینہ کپور کے کیریئر کی ایک اور سوپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ امتیاز علی کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں کرینہ کے ہیرو شاہد کپور تھے۔ دونوں کی جوڑی کو ناظرین نے بہت پسند کیا۔ اس فلم کیلئے کرینہ کپور کو بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔

سال 2008 میں کرینہ کپور کی سوپر ہٹ فلم ’گول مال رٹرنس‘ ریلیز ہوئی۔ 2009 میں آئی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کرینہ کپور کے کیریر کی سوپر ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں کرینہ کپور کے ہیرو عامر خان تھے۔ تھری ایڈیٹس بالی ووڈ کی تاریخ میں پہلی 200 کروڑ روپے کی کمائی کرنے والی فلم ہے۔

سال 2010میں ریلیزہوئی روہت شیٹی کی ہدایت کاری میں بنی فلم گول مال۔3 کیلئے کرینہ کپور کو بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کیلئے نامزد کیاگیا۔ 2011 میں آئی فلم ’باڈی گارڈ‘ کرینہ کے کیریئر کی سب سے زیادہ کامیاب فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ کرینہ اور سلمان کی جوڑی کو باڈی گارڈ میں کافی پسند کیاگیا۔ سال 2011 میں کرینہ کپور کو شاہ رخ خان کے ساتھ ’را۔ ون‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ انوبھو سنہا کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں کرینہ کپور پر فلمایا گانا چھمک چھلوبہت مقبول ہوا تھا۔

2012 میں آئی فلم ہیروئن اگرچہ ٹکٹ کھڑکی پر کامیاب نہیں ہوسکی لیکن ان کی اداکاری کو ناظرین نے بہت پسند کیا۔ سال 2013 میں کرینہ کپور کی گوری تیرے پیار میں اور ستیہ گرہ جیسی فلمیں ریلیز ہوئیں لیکن باکس آفس پر کمال نہیں دکھا سکیں۔

 2014 میں کرینہ کی سنگھم رٹنرس ریلیز ہوئی ہے۔ اس فلم نے ٹکٹ کھڑکی پر 140 کروڑ روپے کی کمائی کی۔ کرینہ کی سوپر ہٹ فلم بجرنگی بھائی جان نے ٹکٹ کھڑکی پر 320 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی۔ اس کے علاوہ کرینہ نے فلم اڑتا پنجاب میں کام کیاہے جس میں ان کے اداکاری کو ناظرین نے بہت پسند کیا۔

کرینہ کپور ہندی سینما میں اپنی متنوع کردار نگاری کی وجہ سے شہرت رکھتی ہے۔ اس نے رومانوی، مزاحیہ اور جرائم ڈراما جیسی فلموں میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے۔ کرینہ کپور کو 6 فلم فیر ایوراڈس کے بشمول بے شمار اعزازات سے نوازا گیا اور وہ بالی ووڈ کی انتہائی مہنگی ترین اداکاراوں میں سے بھی ایک ہیں۔

ایسے اداکار جن کیساتھ کرینہ نے کام کرنے سے انکار کیا
  • کرینہ کپور بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہیں جو اپنے فلمی کیریر میں متعدد بلاک بسٹر فلموں کا حصہ رہ چکی ہیں۔ فلم انڈسٹری میں ’بیبو‘ کے نام سے شہرت پانے والی کرینہ کپور نے ماضی میں کئی معروف اداکاروں کے ساتھ کام کرنے سے انکار کیا جس کی وجوہات بھی دلچسپ ہیں۔
  • فلم ہدایتکار کرن جوہر کی ایک فلم کیلئے جب کرینہ کپور سے رابطہ کیاگیا تو اداکارہ نے یہ کہہ کر فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھاکہ اس فلم میں اداکار عمران ہاشمی ہیں جن کا اچھے الفاظ میں کبھی ذکر نہیں کیا جاتا۔
  • کرن جوہر کے شو ’کافی وِد کرن‘ میں کرینہ کپور سے اداکار جان ابراہم کے ساتھ فلم میں اداکاری کا سوال کیاگیا تو کرینہ کپور نے یہ وجہ بتاکر سب کو حیران کردیا کہ جان ابراہم کا فلمی تجربہ بہت کم ہے۔ مداحوں نے کرینہ کپور اور جان ابراہم کو کبھی اسکرین پر ایک ساتھ نہیں دیکھا۔
  • اداکار شاہ رخ خان بالی ووڈ کے ’بادشاہ‘ ہیں اور کرینہ کپور ان کے ساتھ متعدد فلموں میں کام کرچکی ہیں۔ ہدایتکار آنند ایل رائے نے فلم ’زیرو‘ کیلئے شاہ رخ خان کے ساتھ انوشکا شرما سے پہلے کرینہ کپور کو پیشکش کی تھی لیکن اداکارہ نے اپنی گھریلو مصروفیات کی وجہ سے آفر ٹھکرادی۔
  • اداکار شاہد کپور اور کرینہ کپور آخری بار اسکرین پر ایک ساتھ فلم ’جب وی میٹ‘ میں نظر آئے۔ انہوں نے فلم ’اڑتا پنجاب‘ کیلئے بھی کام کیا۔ اس فلم کے بعد یہ افواہیں گردش کرنے لگی تھیں کہ کرینہ کپور شاہد کپور کے ساتھ آئندہ کبھی کام نہیں کریں گی اور اس کی وجہ بھی معلوم نہ ہوسکی۔
  • ماضی میں کرینہ کپور اور رنبیر کپور سے متعلق یہ افواہیں گردش کررہی تھیں کہ ان دونوں کو ایک فلم ڈرامے کیلئے آفر کی گئی لیکن کرینہ کپور نے اس سے انکار کردیا جس کی وجہ کہانی کا دلچسپ نہ ہونا تھی کیونکہ کرینہ کپور کو کسی دھماکے دار کہانی کی تلاش تھی۔
  • کہا جاتاہے کہ کرینہ کپور کو ریتک روشن کی فلم ’اگنی پتھ‘ میں آئٹم نمبر کی پیش کش کی گئی تھی، تاہم اداکارہ نے اس سے صاف انکار کیا۔ یہ افواہیں بھی عام تھیں کہ فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ اور دیگر فلموں میں ایک ساتھ کام کرنے کے بعد کرینہ اور ریتک ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے تھے۔

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.