حکومت طالبان کی تقریب حلف برداری منسوخ

ا فغان طالبان نے اشارہ دیا ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت میں غیرطالبان اراکین کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

دوحہ: طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کابینہ کی تقریب حلف برداری منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ11 ستمبر کو طالبان کی عبوری کابینہ کی حلف برداری کی تقریب اب پلان کا حصہ نہیں ہے۔ ’ساتھ ہی ا فغان طالبان نے اشارہ دیا ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت میں غیرطالبان اراکین کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہاکہ پہلے پروگرام میں تھا کہ ہم حلف برداری کی تقریب رکھیں گے، اس کیلئے ضروری تھا کہ دوسرے ممالک سے وفد مدعو کیے جائیں جب کہ پروٹوکول کے انتظامات اور عوام کیلئے سروسز کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ لیڈر شپ نے فیصلہ کیا ہے کہ فوری طور پر وزراء کا اعلان کیا جائے کیوںکہ عبوری کابینہ کا اعلان ہوچکا لہذا اب تقریب منسوخ ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل طالبان نے 11 ستمبر کو امریکہ پر ہونے والے حملوں کے 20 سال مکمل ہونے پر حلف برداری تقریب کا اعلان کیا تھا۔ قبل ازیں روس نے طالبان کی عبوری حکومت کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے 7 ستمبر 2021 کو عبوری حکومت کا اعلان کیا گیا تھا جس میں ملا محمد حسن اخوند کو افغانستان کا وزیراعظم جبکہ ملا عبدالغنی برادر اور مولوی عبدالسلام حنفی کو نائب وزرائے اعظم مقرر کیا گیا تھا۔

افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ افغان عبوری حکومت میں غیرطالبان اراکین کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کی متعدد افغان رہنماؤں سے بات چیت جاری ہے، غیر طالبان اراکین کو اعلیٰ ترین عہدوں پر تعیناتی کا موقع مل سکتا ہے۔

سہیل شاہین نے کہا کہ رواں ماہ یا آئندہ ماہ افغانستان میں باضابطہ حکومت کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہاکہ معاملات طے پانے کے بعد چین سمیت دیگر ممالک سے اعلیٰ سطح کے وفود کو دعوت دی جائے گی۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.