عائشہ ملک پاکستان سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج نہیں بن سکیں

جسٹس عائشہ ملک، جو ایک جونیئر جج ہیں، ان کے بجائے پشاور ہائی کورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں چوتھے نمبر پر موجود جسٹس مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ کی خاتون جج بنانے پر غور کیا جائے۔

اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن پاکستان کے طویل اجلاس میں عدم اتفاق رائے کے باعث لاہور ہائی کورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں چوتھے نمبر پر موجود جسٹس عائشہ ملک کی بطور پہلی خاتون جج سپریم کورٹ میں ترقی کمیشن نے مسترد کردی۔

ڈان کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ بلڈنگ میں جوڈیشل کمیشن پاکستان کا اجلاس 4 گھنٹوں تک جاری رہا جبکہ قریب ہی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) کمپلیکس میں وکلا کا احتجاج اور کنونشن جاری تھا جس میں انہوں نے سپریم کورٹ میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تعیناتی میں عدلیہ پر جانبداری کا الزام لگایا جو اس کا تشخص خراب کر رہی ہے۔

جوڈیشل کمیشن کے 8 میں 4 اراکین جسٹس مقبول باقر، جسٹس سردار طارق مسعود، سابق جج دوست محمد خان اور پاکستان بار کونسل کے نمائندے اختر حسین نے جسٹس عائشہ ملک کے تقرر کی مخالفت کی جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد، جسٹس عمر عطا بندیال، وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم اور اٹارنی جنرل فار پاکستان خالد جاوید خان نے اس کی حمایت کی۔ جے سی پی کے ایک اور رکن جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنی اہلیہ کے علاج کے باعث بیرون ملک ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہ ہوئے۔

باخبر ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتفاق رائے نہ ہوسکا جس کی وجہ سے تعیناتی کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیے بغیر ہی اجلاس ختم ہوگیا۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق اے جی پی اشتر اوصاف نے کہا کہ ’حالانکہ یہ واضح انکار ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ مستقبل میں اس تجویز پر غور نہیں کیا جاسکتا‘۔

پی بی سی کے نمائندے اختر حسین نے بھی فیصلے کو واضح انکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں ججز کی ترقی میں سنیارٹی کے اصول پر عمل پیرا ہونے پر طویل غور کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ ہمارا خیال ہے کہ جسٹس عائشہ ملک، جو ایک جونیئر جج ہیں، ان کے بجائے پشاور ہائی کورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں چوتھے نمبر پر موجود جسٹس مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ کی خاتون جج بنانے پر غور کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ پی بی سی کا مؤقف یہ تھا کہ خواتین کو ماتحت عدلیہ اور پانچوں ہائی کورٹس میں بڑی تعداد میں تعینات کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے سی پی کے آج کے فیصلے کو وکلا کی فتح نہیں بلکہ ججز تقرر میں سنیارٹی کے اصول کو برقرار رکھنے کے لیے ان کے مؤقف کی حمایت سمجھا جانا چاہیے۔ تاہم ایک سینئر وکیل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ چیف جسٹس کی تجویز منظور نہ ہوسکی جو ماضی کے معمولات کے برعکس ہے جب عموماً چیف جسٹس کی تجویز منظور کرلی جاتی تھی۔

انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ 17 ججز کی اسامیوں کے باوجود سپریم کورٹ موجودہ 16 ججز کے ساتھ کام جاری رکھے گی، کیونکہ جمعرات کے واقعے کے بعد جے سی پی کا مستقبل قریب میں اجلاس نہیں ہو سکتا۔

دوسری جانب سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سپریم کورٹ کے دروازے کے باہر شاہراہ دستور پر احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا اور پھر ایس سی بی اے کمپلیکس کے عاصمہ جہانگیر آڈیٹوریم میں کنونشن منعقد کیا۔احتجاج کرنے والے وکلا نے عدالتی کارروائی کا بھی بائیکاٹ کیا اور عدلیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.