شمالی بھارت

پنجاب میں پولیس اسٹیشن پر آر پی جی حملہ

پنجاب کے سرحدی ضلع ترن تارن میں ایک پولیس اسٹیشن پر راکٹ پروپلڈ گرینیڈ(آر پی جی) فائر کیا گیا۔

ترن تارن(پنجاب): پنجاب کے سرحدی ضلع ترن تارن میں ایک پولیس اسٹیشن پر راکٹ پروپلڈ گرینیڈ(آر پی جی) فائر کیا گیا۔ عہدیداروں نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔

ڈائرکٹر جنرل پولیس(ڈی جی پی) گورو یادو نے اس حملہ کو پڑوسی ملک کی ہندوستان کو ہزار زخم دینے کی حکمت عملی کا حصہ قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی جانچ کے بموجب یہ ملٹری گریڈ ہارڈویر ہے۔ شبہ ہے کہ اسے سرحد پار سے اسمگل کیا گیا۔ جمعہ کی رات کے آر پی جی حملہ میں کوئی بھی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

گزشتہ 7 ماہ میں ریاست میں یہ دوسرا حملہ ہے۔ گرینیڈ سے عمارت کی بعض کھڑکیوں کے شیشوں کو نقصان پہنچا۔ ڈی جی پی نے کہا کہ بی ایس ایف اور مرکزی ایجنسیوں کے تال میل سے پنجاب پولیس اس معاملہ کی تحقیقات کرے گی۔ پولیس نے بتایا کہ جمعہ کی رات امرتسر۔ بھٹنڈہ ہائی وے پر سرہالی پولیس اسٹیشن سے متصل سانجھ کیندرا پر بعض لوگوں نے پروجکٹائل فائر کیا۔

سانجھ کیندرا میں ایف آئی آر کاپی‘ پاسپورٹ ویریفکیشن اور نوآبجکشن سرٹیفکیٹ جیسی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ قبل ازیں مئی میں پنجاب پولیس کے انٹلیجنس ہیڈکوارٹرس (موہالی) پر راکٹ پروپلڈ گرینیڈ فائر کیا گیا تھا۔ ڈی جی پی گورو یادو نے کہا کہ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ کل رات 11:22 بجے ہائی وے سے آر پی جی فائر ہوا جو سرہالی پولیس اسٹیشن کے سویدھا سنٹر پر آگرا۔

ہم نے یو اے پی اے کے تحت ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ پولیس نے راکٹ لانچر اور پروپلر برآمد کرلیا ہے۔ ٹیکنیکل اور فارنسک جانچ جاری ہے۔ فارنسک ٹیم اور آرمی اسکواڈ پہنچ چکا ہے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ جاریہ سال 200 سے زائد ڈرون سرحد پار سے آئے۔ گزشتہ ایک ماہ میں ہم نے کئی ڈرونس کو مارگرایا اور منشیات و اسلحہ ضبط کیا۔ ایک سوال کے جواب میں ڈی جی پی نے کہا کہ اس حملہ میں اور موہالی آر پی جی حملہ میں مماثلت پائی جاتی ہے۔

پروجکٹائل پہلے پولیس اسٹیشن کی گیٹ کے آہنی گرل سے ٹکرایا اور بعد میں سانجھ کیندرا کو جالگا۔ سانجھ کیندرا کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ اُس وقت پولیس اسٹیشن کے اندر چند پولیس والے موجود تھے۔ پولیس تمام زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے۔ ترن تارن اور امرتسر میں خاص طورپر ڈرونس کی نقل و حرکت کافی بڑھ گئی ہے۔

گزشتہ ماہ کئی ڈرون مارگرائے گئے۔ گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے منصوبہ ساز گولڈی برار کی گرفتاری کے بارے میں پوچھنے پر ڈی جی پی نے کہا کہ چیف منسٹر اس مسئلہ پر پہلے ہی بیان دے چکے ہیں۔ ہم امریکہ اور دیگر ایجنسیوں سے رابطہ میں ہیں۔

پھر پوچھنے پر کہ گولڈی برار کو حراست میں لیا گیا یا نہیں‘ ڈی جی پی نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ صبر کیجئے سب کچھ واضح ہوجائے گا۔ انہوں نے اسی دوران عوام سے اپیل کی کہ جبری وصولی کی کوئی کال آئے تو وہ پولیس کو رپورٹ کریں۔