تلنگانہ

واچ مین پر ہراسانی کا الزام، طالبات کا احتجاج

سرسلہ ضلع کے ایکلوئیہ اسکول کی طالبات نے اسکول کے واچ مین پر ہراسانی کا الزام لگاتے ہوئے اسکول کے سامنے دھرنادیا۔

حیدرآباد: سرسلہ ضلع کے ایکلوئیہ اسکول کی طالبات نے اسکول کے واچ مین پر ہراسانی کا الزام لگاتے ہوئے اسکول کے سامنے دھرنادیا۔

ان طالبات کے اس دھرنے کو طلبہ تنظیموں کی حمایت حاصل رہی۔طالبات نے صبح چاربجے سے 6بجے تک یہ احتجاج کیا جس کے نتیجہ میں کشیدگی پھیل گئی۔اس احتجا ج کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس وہاں پہنچ گئی۔

طالبات نے اسکول کی پرنسپل کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ان طالبات نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اٹنڈر و واچ مین راما سوامی جو رات کے وقت اسکول کی عمارت میں ہی رہتا ہے،شراب پینے کے بعد طالبات کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرتا ہے۔

انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ اگرچہ کہ انہوں نے اس مسئلہ کو پرنسپل جیوتی لکشمی کے علم میں لایا تاہم وہ اس اٹنڈر کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہیں۔

اسکول کے عہدیداروں سے کسی بھی قسم کا تعاون نہ مل پانے پر انہوں نے یہ احتجاج کیا اور راما سوامی کو معطل کرنے کامطالبہ کیا۔