دہلی

سی بی آئی کا خیر مقدم ہے، سازشیں مجھے نہیں توڑ سکتیں: سسوڈیا

دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر نے سلسلہ وار ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھاکہ اب تک میرے خلاف کئی مقدمات درج ہوچکے ہیں، لیکن کچھ ہاتھ نہیں آیا ہے۔ ملک میں اچھی تعلیم کے لیے میرے مشن کو روکا نہیں جاسکتا۔

نئی دہلی: منیش سسوڈیا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے سی بی آئی کے دھاوے کی اطلاع دی تھی۔ انہوں نے کہا تھا سی بی آئی آگئی ہے، اس کا استقبال ہے ہم انتہائی دیانتدار ہیں اور لاکھوں بچوں کے مستقبل کی تعمیر میں مصروف ہیں۔

بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ ہمارے ملک میں اچھے کام کرنے والوں کو اسی طرح ہراساں کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارا ملک ابھی تک نمبر ون نہیں بن سکا۔

دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر نے سلسلہ وار ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھاکہ اب تک میرے خلاف کئی مقدمات درج ہوچکے ہیں، لیکن کچھ ہاتھ نہیں آیا ہے۔ ملک میں اچھی تعلیم کے لیے میرے مشن کو روکا نہیں جاسکتا۔

علیحدہ اطلاع کے بموجب کانگریس جس نے پیچھا کرنے اور سیاسی مخالفین کے خلاف ایجنسیوں کا بے جا استعمال کرنے کا الزام عائد کیاتھا‘ دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا کی قیامگاہ پر سی بی آئی کے دھاوے پر کسی قدر خوش ہے۔

کانگریس کے مواصلاتی شعبہ کے صدر پون کھیڑا نے ٹوئٹ کیا کہ سیاسی حریفوں کے خلاف ایجنسیوں کے مسلسل بے جا استعمال کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ ایجنسیوں کے جائز اور درست اقدامات بھی شک و شبہ کے دائرہ میں آجاتے ہیں اور اس کے نتیجہ میں بدعنوان افراد بے جا استعمال کی دلیل دیتے ہوئے چھپ جاتے ہیں جبکہ دیانت دار افراد کو اس کی قیمت چکانی پڑتی ہے۔

واضح رہے کہ پون کھیڑا دہلی کی آنجہانی چیف منسٹر شیلا دکشت کے مشیر تھے، جو 2013ء میں عام آدمی پارٹی کے مقابلہ میں ہار گئی تھی۔ شیلا دکشت نے دہلی پر 15 سال تک حکومت کی تھی۔ مشرقی دہلی کے سابق رکن پارلیمنٹ سندیپ دکشت نے الزام عائد کیا کہ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی دونوں ہی کانگریس کو نقصان پہنچانے ایک دوسرے کے ساتھ ساز باز کیے ہوئے ہیں۔