ایشیاء

اسلام آباد میں خودکش حملہ کا خطرہ‘ ہائی الرٹ

سیکٹر آئی 10 کے پولیس ناکہ پر خودکش حملہ میں ایک پولیس والے کی موت اور کئی دیگر افراد زخمی ہونے کے بعد اسلام آباد کو ہائی الرٹ کیا گیا تھا۔

اسلام آباد: سیکٹر آئی 10 کے پولیس ناکہ پر خودکش حملہ میں ایک پولیس والے کی موت اور کئی دیگر افراد زخمی ہونے کے بعد اسلام آباد کو ہائی الرٹ کیا گیا تھا۔

اب پاکستانی دارالحکومت کو ایک اور خودکش بمبار کے بڑے حملہ کا سامنا ہے جو شہر میں داخل ہوکر حساس سیکوریٹی تنصیبات کو نشانہ بناسکتا ہے۔ انٹلیجنس اور نفاذ ِ قانون ایجنسیوں نے مشتبہ دہشت گرد کی تصویر کے ساتھ الرٹ جاری کردیا ہے۔

قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو انٹلیجنس عہدیداروں نے خبر دی ہے کہ ذاکر خان ولد لائق نامی دہشت گرد جو صوبہ خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھتا ہے اور تحریک ِ طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) سے وابستہ ہے‘ اسلام آباد میں داخل ہونے کی کوشش کرے گا۔ اس الرٹ کے بعد اسلام اباد میں سیکوریٹی بڑھادی گئی اور شہر میں داخل ہونے اور باہر نکلنے کے تمام راستوں پر خصوصی ناکے لگادیئے گئے۔

ریڈ زون میں فرنٹیر کارپس (ایف سی) کی زائد نفری لگادی گئی۔ اس زون میں قومی اسمبلی(پارلیمنٹ)‘ وزیراعظم کی سرکاری قیام گاہ(پی ایم ایچ)‘ پریسیڈنٹ ہاؤز‘ سپریم کورٹ آف پاکستان‘ ڈپلومیٹک انکلیو‘ دفتر خارجہ اور دیگر سرکاری عمارتیں واقع ہیں۔

چند دن قبل کئی سفارت خانوں اور قونصل خانوں نے پاکستان میں رہنے والے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ فائیواسٹار ہوٹلوں اور عام مقامات کا رُخ نہ کریں۔