حیدرآباد

کے کیشو راؤ و میئر وجئے لکشمی کی کانگریس میں شمولیت کا امکان

تلنگانہ کانگریس پارٹی کے ریاستی امور کے انچارج دیپا داس منشی نے آج بی آر ایس رکن راجیہ سبھا کے کیشو راؤ سے ان کی قیامگاہ واقع بنجارہ ہلز پہونچ کر ملاقات کی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس پارٹی کے ریاستی امور کے انچارج دیپا داس منشی نے آج بی آر ایس رکن راجیہ سبھا کے کیشو راؤ سے ان کی قیامگاہ واقع بنجارہ ہلز پہونچ کر ملاقات کی۔

ان کے ہمراہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے مشیر وی نریندر ریڈی‘ خیریت آباد کے قائد روہت ریڈی بھی موجود تھے۔ یہ ملاقات تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس موقع پر ریاست کے سیاسی حالات پر مباحث ہوئے۔

میئر جی وجئے لکشمی جو رکن راجیہ سبھا کے کیشو راؤ کی دختر ہے‘ انہوں نے اس مباحث میں حصہ لیا۔ کانگریس ہائی کمان جو تلنگانہ کے پارلیمانی حلقوں کے لئے عوام میں مقبول امیدواروں کے ناموں پر غور کررہے ہیں۔ ان حالات میں دیپا داس منشی کا کے کیشو راؤ سے ملاقات کرنا اہم ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ کے کیشو راؤ ان کی دختر میئر وجئے لکشمی بی آر ایس کو خیرباد کہہ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے کے بارے میں غور کررہے ہیں۔ جب میئر وجئے لکشمی سے کانگریس میں شامل ہونے کے بارے میں استفسار کیا گیا تو وجئے لکشمی نے بتایا کہ وہ ان کے بلدی ڈویژن بنجارہ ہلز کے قائدین اور کارکنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گی۔

اس کے بعد وہ کانگریس میں شامل ہونے سے متعلق قطعی فیصلہ کریں گی۔ صدر بی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے کانگریس سے بی آر ایس میں شامل ہونے والے کے کیشو راؤ کو پارٹی کا سکریٹری جنرل بنایا تھا اور ان کا نام رکن راجیہ سبھا کے حیثیت سے نامزد کرکے کامیاب بنایا تھا۔ اس کے علاوہ کے سی آر نے کے کیشور راؤ کی دختر جی وجئے لکشمی کو میئر بنایا تھا۔

اب یہ لوگ کے سی آر کے ان احسانوں کا اس طرح صلہ دے رہے ہیں کے سی آر نے 10 سال کے دوران ایک بھی مسلم قائد کو رکن راجیہ سبھا نہیں بنایا۔ وہ ہمیشہ مسلمانوں کو نظرانداز کرتے رہے ہیں۔ کے سی آر نے جن پر بھروسہ کیا تھا وہ اب دغا دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

مسلمانوں نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں کے سی آر کے مخالف مسلم رویہ کو دیکھ کر کانگریس کو ووٹ دے کر برسر اقتدار لایا۔ کے سی آر کو اب بھی وقت ہے‘ وہ مسلمانوں کا بھروسہ حاصل کرنے کے لئے مسلمانوں کو کونسل اور راجیہ سبھا میں نمائندگی دینے کے لئے توجہ دیں۔