کھیل

ہند۔پاک میاچ، نوجوان دل کا دورہ پڑنے سے فوت

جب بھی یہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابلہ ہوتی ہیں پوری دنیا میں موجود کرکٹ کے شائقین کے دلوں کی دھڑکنیں تیز ہوجاتی ہیں۔

گوہاٹی: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے مقابلے ہمیشہ ہی سنسنی خیز اور دلچسپ ہوتے ہیں۔ جب بھی یہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابلہ ہوتی ہیں پوری دنیا میں موجود کرکٹ کے شائقین کے دلوں کی دھڑکنیں تیز ہوجاتی ہیں۔

اسی طرح کل آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سوپر 12 میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان انتہائی سنسنی خیز مقابلہ دیکنھے کو ملا جو آخری گیند تک جاری رہا۔

آسام کا ایک نوجوان اس انتہائی سنسنی خیز مقابلہ کو دیکھنے کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھا۔ آسام کے شیوساگر ضلع میں ایک شخص کی ہند۔پاک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ دیکھنے کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔

یہ واقعہ اتوار کی شام پیش آیا۔ اس شخص کی شناخت 34 سالہ بٹو گوگوئی کے طورپر ہوئی ہے۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایاکہ گوگوئی اپنے چند دوستوں کے ساتھ اتوار کی شام ایک مقامی سنیما ہال گئے جہاں میچ براہ راست نشر کیاجا رہا تھا۔

لیکن میچ کے دوران گوگوئی اچانک بے ہوش ہوگئے اور نیچے گرگئے۔ اس کے بعد انہیں فوری قریبی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق گوگوئی کو کرکٹ میچ کے دوران سنیما ہال میں پیدا ہونے والی آواز کی انتہائی سطح کی وجہ سے دل کا دورہ پڑا۔

لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیاہے۔ دریں اثناء شیو ساگر پولیس کی ایک ٹیم نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ ان کے اہل خانہ کے مطابق گوگوئی صحت مند تھے اور انہیں کسی قسم کی صحت کی پریشانی نہیں تھی۔