کھیل

فیفا ورلڈ کپ: سیمی فائنل میں رسائی کے ساتھ مراکش نے تاریخ رقم کردی

پہلے ہاف میں مراکش نے پرتگال کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے اور 42 ویں منٹ میں یوسف النصیری نے ایک پاس کو اپنے شاندار ہیڈر کے ذریعہ گول میں تبدیل کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی۔

دوحہ: قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں آج شمالی افریقی ملک مراکش نے تاریخ رقم کردی۔ مراکش نے آج شام الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے کوارٹر فائنل میں پرتگال کو ایک صفر سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

مراکش نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ پہلے ہاف میں پرتگال کا طرز تھوڑا سا دفاعی نظر آیا جس کا اسے نقصان بھی اٹھانا پڑا۔

پہلے ہاف میں مراکش نے پرتگال کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے اور 42 ویں منٹ میں یوسف النصیری نے ایک پاس کو اپنے شاندار ہیڈر کے ذریعہ گول میں تبدیل کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی۔

دوسرے ہاف میں پرتگال نے اچانک جارحانہ رخ اختیار کیا اور مراکش دفاعی کھیل کھیلتا نظر آیا تاہم پرتگال کوئی گول کرنے میں ناکام رہا۔

پرتگال کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کو دوسرے ہاف کی شروعات تک بھی میچ میں نہیں دیکھا گیا جبکہ وہ دوسرا ہاف شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ٹیم میں شامل ہوئے اور گول کرنے کی کافی کوششیں کیں مگر کامیاب نہیں رہے۔

اس میچ میں مراکش کے ایک کھلاڑی ولید شدیرہ کو سرخ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ کے باہر کردیا گیا۔ دوسری مرتبہ غلطی کرنے پر انہیں ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔ پہلی غلطی پر انہیں زرد کارڈ دکھایا گیا تھا۔

اس کے علاوہ دوسرے ہاف کا کھیل مکمل ہونے کے بعد آٹھ منٹ کا زائد وقت دیا گیا۔ اس طرح شاید پرتگال کو گول بنانے کا ایک موقع دیا گیا تھا۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی مسلم اکثریتی ملک نے فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ اس طرح مراکش نے قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی ہے۔ میچ کے بعد مراکش کے سارے کھلاڑی اللہ تعالی کے حضور میدان میں ہی سجدہ ریز ہوگئے۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی نہ صرف مراکش بلکہ پوری عرب دنیا اور مسلم ممالک کے عوام میں خوشی و انبساط کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ عرب ممالک اور شمالی افریقی مسلم ممالک میں لوگوں نے جشن منانا شروع کردیا ہے۔