دبئی ایکسپو2020 کا رنگارنگ افتتاح

ابو ظبی کے ولیعہد شیخ محمد بن زید النہیان، دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم ودیگر اعلیٰ حکام اس میں شریک تھے۔

دبئی: اگردنیا ایک اسٹیج ہے تو جمعرات کی رات دبئی اِس کا دعویدار تھا جس نے رنگ و نور میں نہائی ہوئی ایک شاندار تقریب میں عالمی شہر یافتہ ایکسپو 2020 کا افتتاح کیا ہے۔

180 دن طویل یہ نمائش انسانی ذہانت کی دمک واختراع‘ اُمید وانسانیت‘رابطہ وترقی کے جشن سے عبارت ہے جہاں تجارت سے لے کر تہذیب وثقافت کے کئی نادر نمونوں اور شاہکار تخلیقات کو اجاگر ومتعارف کروایا جائے گا۔

کورونا عالمی وباء کی وجہ سے یہ نمائش ایک سال کی تاخیر سے منعقد کی گئی ہے۔ دنیا کے مشہور ومعروف ستاروں کی کہکشاں کی موجودگی میں افتتاحی تقریب کو متحدہ عرب امارات کے 430 سے زائد مقامات پر لائیو دکھایاگیا۔

ابو ظبی کے ولیعہد شیخ محمد بن زید النہیان‘ دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم ودیگر اعلیٰ حکام اس میں شریک تھے۔

توقع ہے کہ22 مارچ 2022 تک جاری رہنے والی اس ایکسپو میں 190 سے زائد ممالک کے 25 ملین لوگ ورچول یا راست مشاہدہ کریں گے۔ ولیعہد اورایگزیکٹیو کونسل آف دبئی کے صدرنشین شیخ حمدان بن راشد المکتوم نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ساری دنیا متحدہ عرب ا مارات میں جمع ہے۔

آج ہم ایک نیا آغاز دیکھ رہے ہیں۔ اللہ کے فضل سے ہم سب نے ملکر ایکسپو 2020 دبئی کا افتتاح کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں کامیابی عطا کرے“۔ شیخ محمد راشد المکتوم حکمراں دبئی نے جس وقت رنگارنگ تقریب میں قومی پرچم لہرایا،ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعہ سرخ،سفیداورسبزآتش بازی سے سارا ماحول چمک اُٹھا۔

اِس موقع پر فنکاروں نے اپنے فن کا جادو جگایا۔ اماراتی گلوکار راشد النعیمی نے قومی ترانہ پڑھا۔ ایکسپو کا مقام الوصل ڈوم، رنگ ونور میں نہایاہوا تھا جہاں 360 ڈگری کا ایک پراجیکشن جامنی و سنہرے رنگ سے دمک رہا تھا۔

گلابی پوشاک میں ملبوس ایک اماراتی لڑکی نے ایکسپو کے لوگو کی نمائندگی کرنے والے ایک قدیم سنہری ہالے کو پیش کیا۔ بتایاجاتا ہے کہ یہ رنگ 300 سال قدیم دستکاری کاایک شاہکار ہے۔

اس نمائش میں ہندوستانی پویلین کی نمائندگی نئی دہلی کی شراکت سے ویدنتا ریسورسس کررہا ہے جہاں ہندوستان کی 75ویں آزادی کا جشن مناتے ہوئے ملک کی ترقی کے امکانات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اِس نمائش میں چین، پاکستان اور دیگر کئی ممالک کے پویلین موجود ہیں۔

ذریعہ
منصف ویب ڈیسک

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.