سعودی دارالحکومت میں الریاض سیزن 2021ء کا آغاز

الریاض سیزن نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہیکہ ”ہم دنیا کا سفرکرنے کے بجائے دنیا کو ایک جگہ آپ کے پاس لے آئے ہیں‘‘۔

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت میں گذشتہ کل الریاض سیزن 2021 کے پروگراموں، مقابلوں اور تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ افتتاحی تقریب کے ٹکٹ ایک گھنٹے کے اندر ہی فروخت ہو گئے ہیں۔

الریاض سیزن نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہیکہ ”ہم دنیا کا سفرکرنے کے بجائے دنیا کو ایک جگہ آپ کے پاس لے آئے ہیں‘‘۔

موسم الریاض کی تقریبات کاباضابطہ آغاز خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی پریڈ سے ہوگا۔اس میں 1500 سے زیادہ فنکار حصہ لے رہے ہیں اور 2760 ڈرونز استعمال کیے جارہے ہیں۔ ان کے ساتھ ساتھ رقص پیش کیے جارہے ہیں۔

الریاض سیزن میں تمام عمرکے گروپوں کے حاضرین کے لیے موزوں متعدد تفریحی تقریبات اور پرفارمنس کی میزبانی کی جائے گی۔رات کو الریاض کے مختلف مقامات میں آتش بازی کی جائے گی جس سے آسمان منور ہوجائے گا۔

سیزن میں چودہ زونز بنائے گئے ہیں۔ ان میں بی ایل ای ڈی آر یو ایچ سٹی (بلیوارڈ روح سٹی) اور وایا الریاض، کمبیٹ فیلڈ، الریاض ونٹر ونڈر لینڈ، الریاض فرنٹ، المربع، الریاض سفاری، الاثریہ، الریاض نخلستان، دی گرووز، نبد الریاض، زمان ولیج، السلام ٹری اور خلوحہ شامل ہیں۔

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے انٹرٹینمنٹ (جی ای اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے قبل ازیں اعلان کیا تھا کہ الریاض سیزن 20اکتوبر2021 کو شروع ہوگا اور یہ مارچ 2022ء تک جاری رہے گا۔

انھوں نے بتایا کہ”سعودی قومی کیڈرز کے زیراہتمام اس سیزن میں دن کی 7500 تقریبات شامل ہوں گی۔ان میں 70 عرب کنسرٹ، چھے بین الاقوامی کنسرٹ، 10 بین الاقوامی نمائشیں، 350 تھیٹریکل پرفارمنس اور 18 عرب ڈراموں کے علاوہ مفت ریسلنگ چیمپئن شپ، دو بین الاقوامی میچ اور 100 انٹرایکٹو تجربات شامل ہیں۔

اس کے علاوہ معزز مہمانوں کی میزبانی کے لیے 200 ریستوران اور 70 کیفے ہوں گے جہاں انواع واقسام کے کھانے دستیاب ہوں گے۔‘ 26اکتوبر سے شروع ہوکر مارچ 2022 کے آخرتک جاری رہنے والے ونٹرونڈر لینڈ میں 103 سے زیادہ کھیل اور چھے شعبے شامل ہوں گے۔

ڈریم لینڈ کارنیوال، سنو فاریسٹ، میجک باکس، ہارر ایڈونچرز، ونڈر روڈ اور ونٹر فیسٹیول۔ گذشتہ سیزن کے مقابلے میں ونٹرونڈر لینڈ میں رواں سال کے دوران 40 فی صد زیادہ جگہ ہوگی اور تمام عمر کے گروپوں کے لیے کھیل، سرگرمیاں اور شوز شامل ہوں گے۔

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے انٹرٹینمنٹ کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے رواں ماہ کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ الریاض سیزن کے دوسرے ایڈیشن میں جن سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے،ان میں موسیقی کے کنسرٹس کا حصہ دو فی صد سے زیادہ نہیں۔ سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی گلوکار پٹبل کا کنسرٹ رواں سیزن کی افتتاحی تقریب میں منعقد ہوگا۔

ذریعہ
ایجنسیز

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.