سعودی عرب میں اومیکرون کا پہلا کیس ، ہندوستان پر سے سفری پابندی ختم

مملکت‘ وباء سے متعلق سفری پابندیوں میں نرمی پیدا کرتی جارہی ہے۔ 6 ممالک ہندوستان‘ مصر‘ پاکستان‘ انڈونیشیا‘ برازیل اور ویت نام کے مسافرین اب راست سعودی عرب آسکتے ہیں۔

ریاض: سعودی عرب نے چہارشنبہ کے دن ایک شمالی افریقی ملک سے آنے والے مسافر میں کووِڈ 19  اومیکرون ویرینٹ کے پہلے کیس کی توثیق کی۔ سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے (سعودی پریس ایجنسی) نے یہ اطلاع دی۔ مسافر‘ سعودی شہری ہے۔ اسے اور اس کے رابطہ میں آنے والوں کو الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے لوگوں سے کہا کہ وہ کورونا کا دوسرا ٹیکہ لے لیں۔ مسافرین کو چاہئے کہ وہ آمد پر کورنٹائن اور ٹسٹنگ پروٹوکول پر عمل کریں۔

 کورونا کی نئی شکل کا پھیلاؤ ایسے وقت ہورہا ہے جب سعودی عرب نے کئی ممالک سے راست سفرپر پابندی برخاست کردی ہے۔ مملکت‘ وباء سے متعلق سفری پابندیوں میں نرمی پیدا کرتی جارہی ہے۔ 6 ممالک ہندوستان‘ مصر‘ پاکستان‘ انڈونیشیا‘ برازیل اور ویت نام کے مسافرین اب راست سعودی عرب آسکتے ہیں۔ انہیں سعودی عرب میں داخل ہونے سے قبل کسی اور ملک میں 14دن قیام کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

 ان مسافرین کو پی سی آر نگیٹیو سرٹیفکیٹ ساتھ لانا ہوگا اور پرواز سے 72  گھنٹے قبل قدوم پلیٹ فارم پر رجسٹر کرانا ہوگا۔ مملکت میں آمد کے بعد انہیں 5دن ادارہ جاتی کورنٹائن میں رہنا ہوگا۔ انہیں کورنٹائن کے پہلے اور پانچویں دن اپنا ٹسٹ کرانا ہوگا۔ سعودی عرب نے بعض ممالک کے لئے سفری آسانیاں پیدا کی ہیں لیکن اسے بعض افریقی ممالک پر نئی پابندیاں عائد کرنی پڑی ہیں کیونکہ جنوبی افریقہ میں گزشتہ ہفتہ کووِڈ 19  کے نئے ویرینٹ کا پتہ چلا ہے۔

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.