سعودی میں خاتون فوج کے پہلے بیاچ کی تربیت مکمل

پاسنگ آؤٹ تقریب میں سعودی فوج کے سربراہ جنرل فیاض الرویلی خصوصی مہمان تھے جب کہ ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ ونگ سربراہ جنرل عادل البلوی بھی تقریب کا حصہ تھے ۔۔

ریاض:(یو این آئی) قدامت پسندی کیلئے مشہور اسلامی ملک سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین فوجیوں کے دستے نے تربیت مکمل کرکے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کردی ہیں ۔

سعودی عرب کی فوج میں خواتین کو 2019 میں بھرتی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اِس سال خاتون سولجر کے پہلے دستے کی ٹریننگ کا آغاز کیا گیا تھا۔

سعودی عرب کی وزارت دفاع کی جانب سے خواتین فوجیوں کے پہلے دستے کی تربیت مکمل ہونے کی تقریب کی ویڈیو اور تصاویر جاری کی گئیں، جن میں کیڈٹس کو بھی دکھایا گیا۔ وزارت دفاع کے مطابق خواتین فوجیوں کے پہلے دستے نے یکم ستمبر کو اپنی بنیادی اور ابتدائی تربیت مکمل کی۔

پاسنگ آؤٹ تقریب میں سعودی فوج کے سربراہ جنرل فیاض الرویلی خصوصی مہمان تھے جب کہ ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ ونگ سربراہ جنرل عادل البلوی بھی تقریب کا حصہ تھے۔ تربیت مکمل ہونے پرتمام خواتین عہدیداروں کو اسناد فراہم کی گئیں جبکہ ان سے وفاداری کا حلف بھی لیا گیا۔

تربیت کے دوران منفرد کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی فوجی عہدیداروں کو خصوصی اسناد اور انعامات سے بھی نوازا گیا۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں فوجی خواتین کی تربیت اور ان کی رہائش کے لیے رواں برس جنوری میں پہلے ونگ کو کھولا گیا تھا جب کہ اکتوبر 2019 میں تینوں افواج میں خواتین کی بھرتی کی اجازت دی گئی تھی۔

سعودی حکومت نے حالیہ چند سال میں خواتین کو غیر محرم مرد کے ساتھ کام کرنے سمیت انہیں اداکاری کرنے کی اجازت بھی دی ہے جب کہ خواتین اب وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، سیکیورٹی اور سفارتی عہدوں سمیت دیگر عہدوں پر بھی کام کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.