دھون کے بشمول8 ہندوستانی کھلاڑی کورونا کا شکار

احمدآباد۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز سیریز کے انعقاد کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ ٹیم انڈیا کے 8 کھلاڑی کورونا مثبت پائے گئے ہیں۔ سینئر کھلاڑی شکھر دھون، نریتوراج گائیکواڑ اور شریس ایئر کے بشمول 8 کھلاڑیوں کے کووڈ مثبت پائے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ونڈے سیریز کا آغاز 6 فروری سے ہوناہے۔ تاہم اب سیریز کا شیڈول تبدیل کیاجا سکتاہے۔ بی سی سی آئی کیلئے یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کیونکہ 12 فروری کو میگا نیلامی بھی ہونے والی ہے۔

رپورٹس کے مطابق 8 ہندوستانی کھلاڑی کورونا مثبت پائے گئے ہیں۔ دونوں ٹیمیں ایک ہی ہوٹل میں ٹھہری ہوئی ہیں لیکن ان کا فلور الگ الگ ہے۔ اطلاعات کے مطابق پہلے کئے گئے آر ٹی پی سی آر ٹسٹ میں سبھی کھلاڑی منفی پائے گئے تھے۔

تاہم چہارشنبہ کو کئے گئے ٹسٹ میں شکھر دھون کے بشمول کئی کھلاڑی اور سپورٹنگ اسٹاف مثبت پائے گئے ہیں۔ دوسری جانب بی سی سی آئی کے خزانچی ارون دھومل نے کچھ کھلاڑی اور معاون عملہ کے مثبت پائے جانے کا اعتراف کیاہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ونڈے سیریز کو وقت پر شروع کرنا ہے۔ واضح رہے ہے کہ کورونا کی وجہ سے سیریز کے وینیو میں کٹوتی کی گئی تھی۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ونڈے سیریز 6 فروری سے شروع ہونے والی ہے۔

ونڈے سیریز کے تمام میاچس احمد آباد میں ہونے والے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹی 20 سیریز 16 فروری سے کولکتہ میں کھیلی جائے گی۔ دونوں سیریز میں 3,3 میاچس کھیلے جائیں گے۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ میں ٹیم انڈیا کو ونڈے سیریز میں 0-3 سے شکست ہوئی تھی۔ ونڈے کے نئے کپتان روہت شرما سیریز سے اپنی کپتانی کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔

تبصرہ کریں

Back to top button