دہلی

کجریوال کی گرفتاری بی جے پی کی سب سے بڑی غلطی: عام آدمی پارٹی

عام آدمی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری (تنظیم) سندیپ پاٹھک نے جمعہ کے دن کہا کہ ملک میں ”غیرمعلنہ ایمرجنسی جیسی صورتِ حال“ پیدا ہوگئی ہے۔

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری (تنظیم) سندیپ پاٹھک نے جمعہ کے دن کہا کہ ملک میں ”غیرمعلنہ ایمرجنسی جیسی صورتِ حال“ پیدا ہوگئی ہے۔

بی جے پی‘ اپوزیشن جماعتوں کے صفائے کی کوشش کررہی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کجریوال کی گرفتاری ”دھوکہ دہی“ ہے۔ ہمیں عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے۔ دیر ہوسکتی ہے لیکن آخرکار انصاف مل کر رہے گا اور سچ غالب آئے گا۔

ایک اور پریس کانفرنس میں عام آدمی پارٹی کے چیف وہپ دہلی اسمبلی دلیپ پانڈے نے کہا کہ کجریوال کی گرفتاری بی جے پی کی سب سے بڑی سیاسی غلطی ثابت ہوگی۔ دہلی اور ملک کے عوام لوک سبھا الیکشن میں اسے کرارا جواب دیں گے۔ سندیپ پاٹھک نے بھی وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کو یہ کہتے ہوئے نشانہ تنقید بنایا کہ یہ لوگ کجریوال اور عام آدمی پارٹی سے ڈرے ہوئے ہیں۔

ملک میں غیرمعلنہ ایمرجنسی جیسی صورتِ حال پیدا ہوگئی ہے۔ بی جے پی اور وزیراعظم مودی‘ اپوزیشن قائدین کو جیل بھیجتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کا صفایا کررہے ہیں۔ بی جے پی میں شامل ہونے والوں کو کلین چٹ دی جارہی ہے اور بی جے پی قائدین کی آمریت کی مخالفت کرنے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کجریوال کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران عام آدمی پارٹی کے کئی قائدین بشمول وزیر سوربھ بھاردواج‘ ارکان ِ اسمبلی اور میونسپل کونسلرس کو حراست میں لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دہلی میں جو ہواوہ ناقابل ِ تصور ہے۔ ہمارے تمام قائدین کو پولیس نے کل رات سے نظربند کردیا۔ عام آدمی پارٹی دفتر کی طرف جانے والوں کو حراست میں لے لیا گیا۔