حیدرآباد

راجہ سنگھ کو اسمبلی کی رکنیت سے معطل کرنے  کا مطالبہ

گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ کبھی بھی کسی کی مذہب یا مذہبی رہنماؤں کے خلاف گستاخی کرنے یا توہین کرنے کا حق نہیں ہے۔

حیدرآباد: سابق پی سی سی صدر ورکن راجیہ سبھا وی ہمنت راؤ نے حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے پر بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی شدید مذمت کرتے ہوئے راجہ سنگھ کو انتخابات میں حصہ لینے نا اہل قراردینے کا مطالبہ کیا۔

آج یہاں گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ کبھی بھی کسی کی مذہب یا مذہبی رہنماؤں کے خلاف گستاخی کرنے یا توہین کرنے کا حق نہیں ہے۔اگر کوئی کسی مذہب کے ماننے والوں کی دلآزاری یا توہین کرتا ہے تو ان کے خلاف فوری فوجداری مقدمات درج کرنا چاہئے۔

اگر وہ سیاستداں یا رکن اسمبلی ہو تو انہیں فوری سیاست یا انتخابات میں حصہ لینے کیلئے نااہل قراردینا چاہئے۔ کانگریس قائد نے کہا کہ اس سے قبل نپور شرما نے پیغمبرؐ اسلام کی شان میں گستاخی کرتے ہوئے سارے مسلمانوں کی دلآزاری کی تھی جس کے خلاف ملک وبیرون ممالک میں ہندوستان کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا۔

اب جبکہ راجہ سنگھ نے حضور ؐ کی شان میں گستاخی کی ہے تو انہیں فوری اسمبلی کی رکنیت سے معطل اور سیاست میں حصہ لینے سے نا اہل قراردینا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ تمام مذاہب کا احترام کرنا ہر سیکولر پسند شہری کا فرض ہے۔

کسی کو کسی مذہب کے خلاف اظہار خیال کی آزادی نہیں ہے۔ہنمنت راؤ ٹی آر ایس رکن اسمبلی شکیل احمد کو بھی مشورہ دیا کہ وہ جذباتی یا اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں۔ کانگریس قائد نے کہا کہ اگر حالات خراب اور امن وامان کا مسئلہ پیدا ہوجائے تو کرفیو نافذ ہوجائے گا مگر غریب،مزدور اور چھوٹے کاروبار کرنے والوں کا نقصان ہوگا۔ہنمنت راؤ نے گجرات میں عصمت ریزی اورقتل کے ملزمین کی رہائی کی بھی مخالفت کی۔

انہوں نے چیف جسٹس این وی رمنا سے اپنی سبکدوشی سے قبل عصمت ریزی وقتل کے ملزمین کی رہائی کے خلاف قانون سازی کرنے کا مطالبہ کیا۔اس کیلئے خصوصی ٹریبونل قائم کرنے کی درخواست کی اور ملزمین کی غیر قانونی رہائی کے واقعہ کی ریٹائرڈ جج کے ذریعہ تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا۔