مشرق وسطیٰ

دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں سعودی کی 15 جامعات شامل

وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی 15 جامعات دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں شامل ہوگئیں، وزیر تعلیم نے اس حوالے سے مملکت کی اعلیٰ قیادت کو مبارکباد بھی پیش کی۔

ریاض۔ (یو این آئی) تعلیمی میدان میں شاندار پیشرفت کے سبب سعودی عرب کی 15 جامعات کو دنیا کی بہترین جامعات میں شامل کرلیا گیا، گزشتہ سال جامعات کی یہ تعداد 10 تھی۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی 15 جامعات دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں شامل ہوگئیں، وزیر تعلیم نے اس حوالے سے مملکت کی اعلیٰ قیادت کو مبارکباد بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2020 کے مقابلہ میں ہماری جامعات نے سال 2021 کے دوران اچھا مظاہرہ کیا ہے۔

وزیر تعلیم نے توجہ دلائی کہ اس سے قبل شنگھائی کی درجہ بندی اور کیو ایس کی درجہ بندی میں بھی دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کی صف میں شامل ہونے والی سعودی جامعات کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری جامعات عالمی درجے کی یونیورسٹیوں کی حریف بن رہی ہیں۔

سعودی عرب کی جو 15 جامعات دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں شامل کی گئی ہیں وہ کنگ عبد العزیز، شاہ فیصل، کنگ سعود، کنگ فہد، حائل، تبوک، امیر سطام بن عبد العزیز، ام القریٰ، امام عبد الرحمٰن، کنگ سعود فار ہیلتھ سائنسز، کنگ فیصل، جدہ، قصیم اور طائف یونیورسٹیاں ہیں۔