سوشیل میڈیاشمالی بھارت

سابق مرکزی وزیر شردیادو کا دیہانت

سابق مرکزی وزیر اور ملک کے قدآور سوشلسٹ لیڈر شردیادو کا آج شام دیہانت ہوگیا۔ 75 سالہ لیڈر طویل عرصہ سے علیل تھے۔

نئی دہلی: سابق مرکزی وزیر اور ملک کے قدآور سوشلسٹ لیڈر شردیادو کا آج شام دیہانت ہوگیا۔ 75 سالہ لیڈر طویل عرصہ سے علیل تھے۔

متعلقہ خبریں
میاچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے کرکٹر کی موت
کیئرٹیکر کے حملے میں 70سالہ شخص کی موت، بیوی زخمی
شردیادو کی ہفتہ کو مدھیہ پردیش میں آخری رسومات

گروگرام کے فورٹس میموریل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ یادو کو بیہوشی کے عالم میں ایمرجنسی وارڈ میں لایا گیا تھا، ہم نے جب معائنہ کیا تو ان کی نبض نہیں چل رہی تھی اور بلڈپریشر بھی بہت گرچکا تھا۔

اے سی ایل ایس پروٹوکول کے مطابق انہیں سی پی آر دیا گیا۔ بہترین کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہیں جاسکا اور 10:19 پر وہ چل بسے۔ وہ تین مرتبہ راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوچکے تھے جبکہ 7 مرتبہ لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے تھے۔ بہار میں حکمراں جنتادل یو کے بانی رکن نے چیف منسٹر نتیش کمار کی جانب سے عظیم اتحاد سے ناطہ توڑے جانے کے بعد عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

2018 میں انہوں نے خود اپنی پارٹی لوک تانترک جنتادل قائم کی تھی لیکن دو سال بعد اسے لالوپرساد کی آرجے ڈی میں ضم کردیا تھا اور کہا تھا کہ متحدہ اپوزیشن کے تئیں یہ پہلا قدم ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شری شردیادو جی کے دیہانت پر بے حد تکلیف پہنچی۔

انہوں نے کئی برس عوامی زندگی میں گزارے اور رکن پارلیمنٹ اور وزیر کی حیثیت سے نمایاں مقام حاصل کیا۔ وہ ڈاکٹر لوہیا کے نظریات سے بے حد متاثر تھے۔ میں ان کے ارکان خاندان اور مداحوں سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔ تیجسوی یادو نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ منڈل مسیحا اور سینئر آرجے ڈی قائد، عظیم سماجی مصلح اور میرے سرپرست قابل احترام شردیادو جی کے دیہانت کی خبر سے بے حد صدمہ پہنچا۔

میں کچھ کہنے کے قابل نہیں ہوں۔ ان کی والدہ اور بھائی شانتانو سے بات چیت ہوئی ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں سارا سماج وادی خاندان‘ ان کے گھر والوں کے ساتھ ہے۔ بہار کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر سشیل مودی نے ٹویٹ کیا شرد یادو میرے سیاسی سرپرست تھے۔ انہوں نے مجھے ڈپٹی چیف منسٹر بنانے میں بڑا رول ادا کیا تھا۔ بہار ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔