رائل چیالنجرس بنگلور، لکھنو کو ہراکر کوالیفائر 2 میں داخل

مڈل آرڈر بلے باز رجت پاٹیدار کی ناٹ آؤٹ سنچری کی مدد سے رائل چیالنجرس بنگلور (آر سی بی) نے آئی پی ایل 2022 کے دوسرے الیمنٹرے مقابلہ میں لکھنو سوپر جوائنٹس کو 14 رن سے شکست دیکر کوالیفائر 2 میں رسائی حاصل کرلی جہاں اس کا مقابلہ جمعہ کو راجستھان رائلس سے ہوگا۔

کولکتہ: مڈل آرڈر بلے باز رجت پاٹیدار کی ناٹ آؤٹ سنچری کی مدد سے رائل چیالنجرس بنگلور (آر سی بی) نے آئی پی ایل 2022 کے دوسرے الیمنٹرے مقابلہ میں لکھنو سوپر جوائنٹس کو 14 رن سے شکست دیکر کوالیفائر 2 میں رسائی حاصل کرلی جہاں اس کا مقابلہ جمعہ کو راجستھان رائلس سے ہوگا۔

لکھنو کو جیت کیلئے 208 رنوں کی ضرورت تھی تاہم وہ 193 رنوں تک ہی پہنچ پائی۔ لکھنو کی شروعات ٹھیک نہیں رہی کیونکہ سلامی بلے باز ڈی کاک پہلے ہی اوور میں محمد سراج کی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ ڈی کاک نے 6 رن بنائے۔ تاہم دوسری جانب کپتان کے ایل راہول نے آخر تک ٹیم کو جیت دلانے کی ہرممکن کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہے۔ کے ایل راہول 58 گیندوں میں 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 79 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

آل راونڈر دیپک ہوڈا نے بھی راہول کا شاندار ساتھ دیا اور 26 گیندوں میں ایک چوکا اور 4 چھکوں کی مدد سے 45 رن بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں منن ووہرا 19‘ مارکس اسٹاونس 9 اور کرونال پانڈیا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ آر سی بی کی جانب سے جوش ہیزلووڈ نے سب سے زیادہ 3 جبکہ محمد سراج‘ ہرشل پٹیل اور ہسارنگا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں آر سی بی نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے رجت پٹیدار کی شاندار سنچری کی مدد سے 207 رن بنائے۔ پاٹیدار نے جارحانہ بیاٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں میں 12 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 112 ناٹ آؤٹ رن بنائے۔ سابق کپتان و اوپنر ویراٹ کوہلی نے 2 چوکوں کی مدد سے 25 رن اسکور کئے۔

زبردست فام میں چل رہے وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک نے ایک مرتبہ پھر ذمہ دارانہ بیاٹنگ کرتے ہوئے 24 گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ مہیپال لومرور 14 اور میکسویل 9 رن بناپائے۔ لکھنو سوپر جوائنٹس کیلئے محسن خان سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 اوورس میں محض 25 رنوں کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ اس کے علاوہ کرونال پانڈیا‘ آویش خان اور روی بشنوئی نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ رجت پاٹیدار کو میان آف دی میاچ قرار دیاگیا۔

تبصرہ کریں

Back to top button