مہاراشٹرا

بس حادثہ: کئی جھلسی ہوئی نعشیں ناقابل شناخت، ورثا کو فی کس 7لاکھ ایکس گریشیا

مہاراشٹرا کے ضلع بلڈھانہ میں ہفتہ کے دن ناگپور۔ ممبئی سوپر ایکسپریس وے پر ایک بڑے حادثہ میں بس شعلہ پوش ہوگئی۔ کم ازکم 25 مسافرین کی جھلس جانے سے موت واقع ہوئی اور دیگر 8 زخمی ہوگئے۔

۔ ناگپور: مہاراشٹرا کے ضلع بلڈھانہ میں ہفتہ کے دن ناگپور۔ ممبئی سوپر ایکسپریس وے پر ایک بڑے حادثہ میں بس شعلہ پوش ہوگئی۔ کم ازکم 25 مسافرین کی جھلس جانے سے موت واقع ہوئی اور دیگر 8 زخمی ہوگئے۔

متعلقہ خبریں
ایکس گریشیاء کا مطالبہ، امجداللہ خاں خالد سے نمائندگی
راج ٹھاکرے کی تصویر پر مہاراشٹر میں نیا تنازعہ
چلتی ٹرین میں تلوار لہرانے پر دو افراد گرفتار
مہاراشٹرا میں دستانے بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی، 13 مزدور ہلاک
چار سالہ لڑکی کو مسلسل اذیت دینے پر باپ اور 2 چاچاؤں کے خلاف کیس درج

عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ ودربھ ٹراویلس کی خانگی لکژری بس ناگپور سے پونے جارہی تھی کہ رات 1:25 بجے کے آس پاس سندھ کھیڑ راجہ کے قریب حادثہ کا شکار ہوگئی۔ بس کی رفتار تیز تھی۔ ایسا لگتا ہے کہ ٹائر پھٹ پڑا اور بس ایکسپریس وے کے برقی کھمبے سے ٹکراگئی۔

بعدازاں وہ ڈیوائیڈر سے ٹکراکر بے قابو ہوگئی اور اُلٹ گئی۔ الٹنے کے بعد وہ کئی میٹر پھسلتی چلی گئی‘ ڈیزل ٹینک پھٹ پڑا اور آگ کا شعلہ بلند ہوا جس نے بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مسافرین اندر پھنس کر رہ گئے۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ بس میں 33 افراد بشمول 2 ڈرائیورس اور ایک کلینر سوار تھے۔

زخمیوں کو بلڈھانہ سیول ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پی ایم این آر ایف سے مہلوکین کے ورثا کو فی کس 2 لاکھ روپے ایکس گریشیا اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا ایکناتھ شنڈے نے 5 لاکھ روپے معاوضہ اور زخمیوں کا مفت علاج کرانے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نریندر مودی‘ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ‘ چیف منسٹر مہاراشٹرا ایکناتھ شنڈے‘ ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس‘ این سی پی صدر شردپوار‘ قائد اپوزیشن اجیت پوار‘ کارگزار صدر این سی پی سپریہ سولے‘ جنرل سکریٹری ڈاکٹر جتیندر اوہاڑ اور دیگر کئی ریاستی قائدین نے حادثہ پر دکھ کا اظہار کیا۔

شردپوار نے کہا کہ اس حادثہ نے ایکسپریس ویز پر گاڑیوں کی حد ِ رفتار کے مسئلہ کو پھر اجاگر کیا ہے۔ حکومت کو اس کا سنجیدگی سے نوٹ لینا چاہئے اور فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ بیشتر مہلوکین کی نعشیں شناخت کے قابل نہ رہیں۔ پولیس‘ نعشوں کی حوالگی سے قبل رشتہ داروں کا ڈی این اے کرائے گی۔

چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے اور ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس نے مقام ِ حادثہ کا دورہ کیا اور دواخانہ میں زخمیوں سے ملاقات کی۔مقام حادثہ پر جھلسی ہوئی نعشیں‘ بیاگس‘ کپڑے‘ کاغذات‘ فائلیں اور مسافرین کا دیگر سامان کئی میٹرس تک بکھرا پڑا تھا۔

آئی اے این ایس کے بموجب کانگریس صدر راہول گاندھی نے بھی مہاراشٹرا سڑک حادثہ میں 25 مسافرین کی ہلاکت پر اظہار ِ تعزیت کیا۔