رانچی میں چیف منسٹر کے سی آر کا پرجوش خیر مقدم

حیدرآباد:۔ٹی آر ایس سربراہ و چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کا‘ رانچی پہنچنے پر پرُجوش خیر مقدم کیا گیا۔

جھارکھنڈ کے صدر مقام رانچی شہر کے اہم مقامات پر خیر مقدمی فیلکسی بورڈ لگائے گئے رانچی ایر پورٹ سے چیف منسٹر جھارکھنڈ ہیمنت سورین کی سرکاری قیام گاہ تک کی سڑک پر بیانرس اور فیلکسی لگائے گئے ۔

جن پر کے سی آر کو ”نیشنل فیڈرل فرنٹ لیڈر، ریاست تلنگانہ حاصل کرنے والے، ویژنری آف بنگارو تلنگانہ اور دیش کے نیتا“ جیسے نعرے تحریر تھے۔
چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے 15 جون2020 کو گلوان وادی میں چین کے ساتھ جھڑپ میں شہید19ہندوستانی فوجیوں کے افراد خاندان کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا تھا۔

جھارکھنڈ کے چیف منسٹر آفس میں منعقدہ تقریب میں کے سی آر نے جھارکھنڈ کے دو شہید فوجیوں کے ورثا کو فی کس10لاکھ روپے کے چیکس حوالے کئے-

مرکز کی بی جے پی حکومت کے خلاف ہم خیال جماعتوں کو ایک پلاٹ فارم پر لانے کی مساعی کے حصہ کے طور پر کے چندر شیکھر راؤ چنددنوں سے دہلی میں مقیم تھے۔

جہاں انہوں نے اس سلسلہ میں مختلف جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کیں۔

وہ، دہلی سے خصوصی پرواز کے ذریعہ رانچی پہنچے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ساتھ ان کی دختر و ایم ایل سی کے کویتا، وزیر سرینواس گوڑ، ایم پی سنتوش کمار، تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین ونود کمار، چیف سکریٹری سومیش کمار اور ٹی آر ایس کے جنرل سکریٹری شراون کمار ریڈی موجود ہیں۔

پی ٹی آئی کے مطابق گلوان کی وادی میں شہید نوجوان کے افراد خاندان کو مالی امداد کی فراہمی کے اپنے وعدے کو پورا کرنے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ جمعہ کے روز دہلی سے رانچی شہر پہنچے۔

جہاں انہوں نے چیف منسٹر ہیمنت سورین کے آفس میں شہید دو فوجیوں کے لواحقین میں فی کس10لاکھ روپے کے چیکس عطاء کئے۔
شہید فوجیوں کے افراد خاندان نے مالی امداد فراہم کرنے پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا۔

Back to top button