راہول، جیل میں محروس طلبہ سے ملاقات کریں گے

صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے کہا ہے کہ راہول گاندھی،7مئی کو چنچل گوڑہ جیل میں عثمانیہ یونیورسٹی کے طلباء سے ملاقات کریں گے جنہیں یونیورسٹی کیمپس میں راہول گاندھی کے جلسہ کی اجازت نہ دینے پر احتجاج کے خلاف پولیس نے کل گرفتار کرکے جیل منتقل کیا ہے۔

حیدرآباد: صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے کہا ہے کہ راہول گاندھی،7مئی کو چنچل گوڑہ جیل میں عثمانیہ یونیورسٹی کے طلباء سے ملاقات کریں گے جنہیں یونیورسٹی کیمپس میں راہول گاندھی کے جلسہ کی اجازت نہ دینے پر احتجاج کے خلاف پولیس نے کل گرفتار کرکے جیل منتقل کیا ہے۔

ان میں صدر این ایس یو آئی بی وینکٹ کے بشمول 18طلبہ شامل ہیں۔ریونت ریڈی نے آج رکن اسمبلی ٹی جگا ریڈی، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی سابق وزیر انجن کمار یادو سابق ایم پی، سمپت کمار سابق ایم ایل اے، انیل کمار یادو جنرل سکریٹری یوتھ کانگریس اور فیروز خان(نامپلی انچارج) کے ہمراہ چنچل گوڑہ جیل پہنچ کر سپرنٹنڈنٹ جیل کو ایک تحریری یادداشت پیش کی اور ان سے 7مئی کو طلبا ء سے راہول گاندھی کی ملاقات کی اجازت دینے کی درخواست کی ہے۔

بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے صدر این ایس یو آئی کے بشمول 18 کارکنوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ کارکن راہول گاندھی کو عثمانیہ یونیورسٹی میں طلبہ کی اجازت دینے کی درخواست کرنے وائس چانسلر سے نمائندگی کرنے جارہے تھے۔

پولیس نے انہیں گرفتار کرکے 14دن ریمانڈ میں بھیج دیا جو انتہائی بدبختانہ، ظالمانہ اور جابرانہ اقدام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راہول گاندھی کو اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر کہا کہ وہ حیدرآباد کے دورہ کے موقع پر7 مئی کو گرفتارطلبا سے جیل میں ملاقات کریں گے اور پولیس کی اس غیر جمہوری کاروائی کے خلاف احتجاج درج کروائیں گے۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی سے سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ سابق چیف منسٹر ڈاکٹر ایم چنا ریڈی، سابق مرکزی وزیر ایس جے پال ریڈی، جیسے بڑے سیاستدان فارغ التحصیل ہوئے ہیں۔ راہول گاندھی کے دورہ عثمانیہ یونیورسٹی کا مقصد طلبا ء سے ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا تھا۔

راہول گاندھی نے بحیثیت رکن پارلیمنٹ یونیورسٹی میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات اور طلبا کے مسائل کے حل کیلئے مرکزی حکومت سے نمائندگی کی۔

راہول گاندھی کا دورہ یونیورسٹی مکمل طور پر غیر سیاسی تھی لیکن افسوس کہ وائس چانسلر یونیورسٹی نے اجازت نہیں دی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ٹی آرایس حکومت راہول گاندھی کے دورہ سے خوفزدہ ہے۔ انہوں نے جیل حکام سے کہا ہے کہ وہ گرفتار طلبا کے ساتھ غیر جانبدارنہ رویہ احتیار کریں اور راہول کو 7مئی کو جیل میں طلباء سے ملاقات کرنے کی اجازت دیں۔

تبصرہ کریں

Back to top button