رمضان میں نقائص سے پاک انتظامات کی یقین دہانی

حیدرآباد:ریاستی وزیر افزائش مویشیان وسمکیات ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ ماہ مقدس رمضان المبارک کے دوران نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں گے۔

ڈی ایس ایس بھون میں رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مسلم برادران کیلئے انتہائی مقدس اس مہینہ کے پرامن انعقاد کیلئے سہولتوں کی فراہمی میں حکومت کی جانب سے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے۔

سرینواس یادو نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے ہی ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے تمام عیدیں و تہواروں کو سرکاری طور پر منایاجارہا ہے۔

اسی طرح رمضان المبارک کا بھی عقیدت و احترام کے ساتھ انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے۔ تمام مساجد کے قریب صاف صفائی کا بہتر انتظام، پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے اور بلا خلل برقی سربراہی کیلئے اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔

سرینواس یادو نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی سرکاری سطح پر دعوت افطار کا نظم اور غریب مسلمانوں میں ملبوسات پر مشتمل گفٹ پیاک کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ، گنگا جمنی تہذیب کی جیتی جاگتی عظیم مثال ہے۔ جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے لوگ بھائی چارگی کا مظاہر کرتے ہوئے ایک دوسرے کے عید اور تہواروں میں حصہ لیتے ہیں۔

اس عظیم روایات کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت کی جانب سے مختلف محکموں کے تعاون سے نقائص سے پاک انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس اجلاس میں ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی، وزیر بہبود کو پالا ایشور، حکومت کے صلاح کار برائے اقلیتی امور اے کے خان و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

Back to top button