رواں سال کے اواخر سے قبل کے سی آر اسمبلی تحلیل کردیں گے:اے ریونت ریڈی

حیدرآباد:صدر ٹی پی سی سی ورکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی نے ہفتہ کو اس بات کی پیش قیاسی کی ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر آئندہ ڈسمبر میں ریاستی اسمبلی تحلیل کردیں گے اور آئندہ سال مارچ میں اسمبلی انتخابات منعقد کریں گے ریونت ریڈی آج انوجی گوڑہ میں کانگریس کی ڈیجیٹل ممبرشپ کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے دن اب قریب آچکے ہیں۔ وہ جلی ہوئی بلی کی ٹانگ اور شرابی بندر کی طرح سارے ملک میں گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے پہلے سال ڈھائی لاکھ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرے گی۔ ہم کے سی آر کی جانب سے الاٹ کی گئی تمام سرکاری اراضیات کو واپس لے لیں گے۔

کارپوریٹ ہاسپٹلس میں غریبوں کو آروگیہ شری کے تحت مکمل طور پر علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے پہلے ہی روز چیف منسٹر کے سی آر کی رہائش گاہ پر گتی بھون کو امبیڈکر سائنس سنٹر میں تبدیل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے محاذ کی تشکیل کی، کے سی آر کی تمام کوشش ناکام ہوجائیں گی۔

آئندہ انتخابات میں شکست کے بعد کے سی آر کا کوئی پرسان حال نہیں ہوگا۔ بی جے پی قائد سبرامنیم سوامی سے ملاقات کے موقع پر سبرامنیم سوامی نے کے سی آر کے سامنے ان کی تمام بدعنوانیوں کو بے نقاب کردیا۔ جھارکھنڈ میں چیف منسٹر ہیمنت سورین سے ملاقات کے موقع پر بی جے پی کے خلاف کوئی بات کے سی آر نے نہیں کی۔صدر ٹی پی سی سی نے کانگریس کارکنوں سے کہا کہ اگر کے سی آر، تیسرا محاذ قائم بھی کرلیں تو اس سے کانگریس کو کوئی خطر ہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی آئندہ انتخابات میں اقتدار میں آئے گی۔ راہول گاندھی، وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہوں گے کانگریس پارٹی سے ہی ملک کے اتحاد وسالمیت ویکجہتی کی بقا ء ممکن ہے۔تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کی ڈیجیٹل ممبرشپ 40لاکھ سے تجاوز کرنے پر پارٹی کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے اصل ہیرو کارکن ہیں۔ اس موقع پر مقامی کانگریس نے ریونت ریڈی کو حادثاتی انشورنس کیلئے15لاکھ روپے کا چیک حوالے کیا۔ نائب صدر ملوروی اور دیگر قائدین نے جلسہ سے خطاب کیا۔

Back to top button