مہاراشٹرا

ریلوے کا ملازم KYC Fraud میں وظیفہ کی جمع پونجی سے محروم

دھوکہ بازوں نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ کے وائی سی تجدید نہ ہونے کی وجہ سے اس کا بینک کھاتہ بلاک کردیا گیا، اسے چالاکی سے راز کی تفصیلات فراہم کرنے کو کہا۔

تھانے: 72سالہ سبکدوش ریلوے ملازم‘ سائبر دھوکہ بازوں کے ہاتھوں 7.38لاکھ روپئے سے محروم ہوگیا۔ دھوکہ بازوں نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ کے وائی سی تجدید نہ ہونے کی وجہ سے اس کا بینک کھاتہ بلاک کردیا گیا، اسے چالاکی سے راز کی تفصیلات فراہم کرنے کو کہا۔

تھانے ضلع پولیس کے ایک عہدیدار نے یہ بات کہی۔ شکایت کنندہ کو 4/ فروری کو فون آیا اور کالر نے اسے بتایا کہ اس کے بینک کھاتے کو بلاک کیا جارہا ہے، کیوں کہ اس نے لازمی کے وائی سی دستاویزات کی تجدید نہیں کروائی۔

وظیفہ یاب ٹیکنالوجی سے زیادہ واقف نہیں تھا اور اس نے بس کالر کی جانب سے خفیہ اے ٹی ایم پاس ورڈس اور اس کے فون پر موجود سیونگ اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایات پر عمل کرتا رہا۔

دھوکہ بازوں نے اس شخص اور اس کی بیوی کے بینک کھاتوں سے رقم نکال لی جن میں اس کا ماہانہ وظیفہ اور وظیفہ کی جمع پونجی بھی شامل تھی۔ بعدازاں نکالی گئی رقم کو فکسڈ ڈپا زٹ میں مشغول کردیا گیا۔

دو نامعلوم افراد کے خلاف انفارمیشن ٹیکنالوجی قانون کی دفعات 66C اور 66D کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تحقیقات جاری ہے۔