حیدرآباد

خواجہ مجیب الدین نے صدرنشین ریاستی اُردو اکیڈیمی کا جائزہ حاصل کرلیا

محمد خواجہ مجیب الدین نے انہیں اُردو اکیڈیمی کا صدر نشین بنانے پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا شکریہ ادا کیااور ریاست میں اُردو زبان کی ترویج و فروغ کیلئے ممکنہ کوشش کرنے کا تیقن دیا۔

حیدرآباد: ریاستی وزراء محمد محمود علی، کوبلا ایشور اور وی پرشانت ریڈی، ٹی آر ایس رکن اسمبلی گمپا گوردھن اور رکن کونسل کے کویتا کی موجودگی میں محمد خواجہ مجیب الدین نے آج چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے عہدے کا جائزہ حاصل کیا۔

محمد خواجہ مجیب الدین نے انہیں اُردو اکیڈیمی کا صدر نشین بنانے پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا شکریہ ادا کیااور ریاست میں اُردو زبان کی ترویج و فروغ کیلئے ممکنہ کوشش کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے پارٹی قائدین پی سرینواس ریڈی، محمد شکیل عامر، فاروق حسین و دیگر کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے اپنی ذمہ داری کی بہتر انجام دہی میں رہنمائی کرنے کی خواہش کی۔

اس موقع پر صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد سلیم، سابق صدر نشین ریڈکو ایس اے علیم، ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین نوید اقبال، میر مجاز علی، ایم اے قدوس، شفیق خان، محمد بدر الدین و دیگر موجود تھے۔