سماج وادی پارٹی اعظم خان کی مدد نہیں کر رہی ہے: شیو پال یادو

شیو پال نے کہا کہ دس بار کے ایم ایل اے اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے رکن، ایس پی کے اتنے سینئر لیڈر کے ساتھ جو کچھ بھی ہوا اس کے خلاف ایس پی لیڈروں کو پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو سے مل کر اسے لوک سبھا میں آواز اٹھانی چاہئے تھی۔

سیتا پور: پرگتی شیل سماج وادی پارٹی (پی آر ایس پی) کے صدر شیو پال سنگھ یادو نے جمعہ کوسیتا پور میں بند سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے رہنما اعظم خان سے ملاقات کے بعد کہا کہ ایس پی کو جس طر ح سے اعظم خان کی مدد کرنی چاہئے تھی، اس طرح سے ان کی مدد ہوتی نظر نہیں آرہی ہے۔

جیل کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے شیو پال نے کہا کہ ایس پی کو تمام فورمز پر اعظم خان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا معاملہ اٹھانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کے خلاف صرف ایک کیس رہ گیا ہے جس کی سماعت ہوچکی ہے، امید ہے کہ وہ جلد جیل سے باہر آجائیں گے۔

غور طلب ہے کہ شیو پال حال ہی میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے بعد سے ایس پی صدر اکھلیش یادو سے ناراض چل رہے ہیں۔اتر پردیش میں برسر اقتدار بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کے درمیان کچھ دن پہلے انہوں نے پی آر ایس پی کی قومی اور ریاستی عاملہ کو تحلیل کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اعظم خان بہت سینئر سماجوادی لیڈر ہیں، اس لیے ایس پی کو ان کا مقدمہ مضبوطی سے لڑنا چاہیے تھا۔ شیو پال نے کہا کہ دس بار کے ایم ایل اے اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے رکن، ایس پی کے اتنے سینئر لیڈر کے ساتھ جو کچھ بھی ہوا اس کے خلاف ایس پی لیڈروں کو پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو سے مل کر اسے لوک سبھا میں آواز اٹھانی چاہئے تھی۔ لیکن ایسا نہیں ہوا، یہ کہیں نظر نہیں آ رہا ہے کہ ایس پی اعظم کی مدد کے لیے کچھ کر رہے ہیں۔

اہم بات یہ ہے کہ اعظم خان جو تقریباً 80 مجرمانہ مقدمات میں عدالتی تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں، گزشتہ دو سال سے جیل میں ہیں۔ شیو پال نے کہا کہ اگر تمام ایس پی ممبران پارلیمنٹ ایوان میں نیتا جی ملائم سنگھ یادو کے ذریعے اس مسئلہ کو اٹھائیں گے تو یقیناً وزیر اعظم نریندر مودی اس کا نوٹس لیں گے، ویسے بھی وزیر اعظم مودی نیتا جی کا بہت احترام کرتے ہیں۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button