سماج وادی پارٹی میں اختلافات نمایاں

سینئر سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی محمد اعظم خان ان کے لڑکے عبداللہ اعظم اور شیوپال یادو لکھنو میں اتوار کے دن سماج وادی پارٹی لیجسلیٹیو پارٹی میٹنگ سے دور رہے۔

لکھنو: سینئر سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی محمد اعظم خان ان کے لڑکے عبداللہ اعظم اور شیوپال یادو لکھنو میں اتوار کے دن سماج وادی پارٹی لیجسلیٹیو پارٹی میٹنگ سے دور رہے۔

یہ میٹنگ پیر کے دن سے شروع ہونے والے یوپی اسمبلی اجلاس سے قبل طلب کی گئی تھی۔ اعظم خان اور ان کا لڑکا عبداللہ اعظم رامپور میں ہیں جبکہ شیوپال یادو نے لکھنو میں ہونے کے باوجود شرکت نہیں کی۔

یہ پیشرفت اس حقیقت کا واضح اشارہ ہے کہ سماج وادی پارٹی میں اندرونی اختلافات ہرگذرتے دن کے ساتھ زور پکڑتے جارہے ہیں۔ سینئرس اور جونیئرس میں پھوٹ واضح دکھائی دینے لگی ہے۔

سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی روی داس مہروترہ نے اسے نظراندازکرتے ہوئے کہا کہ اعظم خان اور ان کا لڑکا اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اعظم خان خرابی صحت کی وجہ سے آج کی میٹنگ میں آ نہیں سکے۔پی ٹی آئی کے بموجب اعظم خان اور شیوپال یادو نے اتوار کے دن پارٹی صدر اکھلیش یادو کی طلب کردہ میٹنگ میں شرکت نہیں کی۔ سیتاپور جیل سے حال میں رہا اعظم خان رامپور میں ہیں۔ سماج وادی پارٹی قائدین کا کہناہے کہ صحت ٹھیک نہیں ہونے کی وجہ سے وہ آج لکھنو نہیں آئے۔

اعظم خان اور ان کے لڑکے کے علاوہ پرگتی شیل سماج وادی پارٹی لوہیا (پی ایس ای ایل) کے سربراہ شیوپال یادو نے بھی سماج وادی پارٹی ہیڈکوارٹرس لکھنو میں طلب کردہ اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی روی داس مہروترہ نے کہا کہ اعظم خان اور ان کا لڑکا کل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اعظم خان‘اکھلیش یادو کے بائیں جانب بیٹھیں گے اور بی جے پی حکومت کو گھیرنے مسائل اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان پہلے حلف لیں گے اور پھر اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ شیوپال یادو کی غیر حاضری کے بارے میں پوچھنے پر مہروترانے کہا کہ شیوپال یادو سماج وادی پارٹی کے انتخابی نشان(سیکل) پر منتخب ضرورہوئے ہیں لیکن وہ ایک پارٹی کے سربراہ بھی ہیں۔

سابق میں بھی وہ میٹنگ میں نہیں آئے تھے۔ ارکان اسمبلی کے اجلاس میں اکھلیش یادو نے انہیں مشورہ دئیے کہ عوامی دلچسپی کے مسائل کیسے اٹھانا ہے۔

تبصرہ کریں

Back to top button