تلنگانہ

قتل کے معاملہ میں دبئی کی جیل میں 18سال گذارنے کے بعد تلنگانہ کے ایک شخص کی واپسی

دبئی کی جیل میں 18سال قید کی سزاکاٹنے کے بعد تلنگانہ کا ایک شخص اپنے آبائی گاوں کو واپس ہوگیا۔

حیدرآباد: دبئی کی جیل میں 18سال قید کی سزاکاٹنے کے بعد تلنگانہ کا ایک شخص اپنے آبائی گاوں کو واپس ہوگیا۔

متعلقہ خبریں
دبئی جیل سے وطن واپس افراد سے کے ٹی آر کی ملاقات
ماہ صیام کا آغاز، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان
بی آر ایس کے مزید 2 امیدواروں کا اعلان، سابق آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیداروں کو ٹکٹ
بی آر ایس قائد ملا ریڈی کی کانگریس میں شمولیت کا امکان
حیدر آباد کو بھاگیہ نگر بنانے بی جے پی امیدوار مادھوی لتا کی مہم

اس کو قتل کے ایک معاملہ میں یہ سزاسنائی گئی تھی تاہم عدالت کی جانب سے اس کی سزاکومعاف کرنے کے بعد اس کی وطن واپسی ہوپائی۔

تفصیلات کے مطابق جگتیال ضلع کے ملیال منڈل کے مانلہ علاقہ سے تعلق رکھنے والا ہنمنتو 28 اکتوبر 2005 کو ویزٹ ویزا پر دبئی گیاتھا۔

دو ماہ تک کام کرنے کے بعد مقامی پولیس نے ہنمنتو کو قتل کے ایک کیس میں گرفتار کیا۔ اس معاملے میں جملہ 10 افرادکو ملزم بنایا گیا تھا اور تلنگانہ کے پانچ افرادکو 25 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ہنمنتو کی بیوی پدما نے اپنے شوہر کو آزاد کروانے کی کافی کوشش کی۔

ہنمنتو کے خاندان کی حالت زار کو دیکھتے ہوئے اس وقت کے وزیر کے ٹی راما راو نے ہنمنتو کومعافی کے تحت رہا کروانے کی کافی کوشش کی۔ مقتول کے ا رکان خاندان سے اس خصوص میں بات کی اور معاوضہ ادا کیا۔ انہوں نے قانونی چارہ جوئی کے لیے مالی مدد بھی فراہم کی۔

اس سلسلہ میں کوششوں کے بعد عدالت نے ہنمنتو اورتلنگانہ کے دیگر افراد کو معافی دی، جس پر اس کی گھر واپسی کی راہ ہموار ہوئی۔ ہنمنتو ہفتہ کی رات اپنے آبائی گاوں پہنچا۔ اس مہینے کی 21 تاریخ کو سرسلہ کا رہنے والا ملیشم اور روی بھی گھر پہنچیں گے۔

دبئی میں ان کے دوستوں نے بتایا کہ چندورتھی منڈل کا ایم وینکٹی بھی جلد گھر واپس ہوجائے گا۔ ہنمنتو نے کہا کہ ملازمت کے لیے دبئی جانے کے وقت اس کی بیٹی کی عمر 21 دن تھی۔ نوزائیدہ کا نام گوتمی رکھنے کے اگلے دن وہ دبئی چلا گیا۔ اب وہ 18 سال کی ہے۔

ہنمنتو نے کہا کہ اس کا باپ ایلیا اُس وقت چل بسا جب وہ جیل میں تھا۔ بیوی پدما سارا دن مزدوری کر کے اور رات کو بیڑی کات کر خاندان کی کفالت کرتی تھی۔ہنمنتو نے کہا کہ اس کو اور اس کے دیگر ساتھیوں کو قتل کے معاملہ میں جیل کی سزاہوئی حالانکہ اس نے یہ قتل کیاہی نہیں۔