بھارت

اسپیکر اوم برلا کی آسٹریلیائی پارلیمانی وفد سے ملاقات

برلا نے قوم کی تعمیر میں نوجوانوں کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے نوجوانوں کو مل کر کام کرنا چاہئے اور انہیں اپنے علم اور تجربات کو شیئر کرنے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ باقاعدگی سے بات چیت کرنی چاہئے۔

ٹورنٹو/نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا اس وقت کیناڈا کے ہیلی فیکس میں منعقد ہونے والی 65ویں دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس میں ہندوستانی پارلیمانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ اس کانفرنس کے سلسلے میں منعقد ہونے والی ملاقاتوں کے دوران انہوں نے آج آسٹریلیا کی سینیٹ کے اسپیکر سیو لائنس کی قیادت میں آسٹریلیا کے پارلیمانی وفد سے ملاقات کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے برلا نے قوم کی تعمیر میں نوجوانوں کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے نوجوانوں کو مل کر کام کرنا چاہئے اور انہیں اپنے علم اور تجربات کو شیئر کرنے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ باقاعدگی سے بات چیت کرنی چاہئے۔

 دونوں ممالک میں ترقی کے لیے مسٹر برلا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔

آسٹرییلیائی پارلیمانی وفد کے ساتھ بات چیت کے دوران مسٹر برلا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ آسٹریلیا میں ہندوستانی بڑے پیمانے پر آزادی کا امرت مہا اتسو منا رہے ہیں، جو اپنے مادر وطن سے ان کی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔

انڈیا-آسٹریلیا فرینڈشپ گروپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے کی سمت میں یہ صحیح فیصلہ تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے قانون سازوں کو باقاعدگی سے بات چیت کرنی چاہئے ۔ بہترین روایات اور طریقہ کار کا تبادلہ کرنا چاہئے، جس سے پارلیمانی جمہوریت مضبوط ہوگی۔

پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹیوں کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ یہ کمیٹیاں ایگزیکٹو کی جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے موثر طریقہ کار ہیں۔ اس لیے مقننہ کو مضبوط کرنے کے لیے کمیٹی کے نظام کو مضبوط کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے آسٹریلیائی پارلیمنٹ کے قانون سازوں اور عہدیداروں کو PRIDE کی تربیتی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لئے مدعو کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ کرکٹ ہندوستان اور آسٹریلیا دونوں میں بہت مقبول ہے۔ دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں کو باقاعدگی سے مقابلہ کرنا چاہیے جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوام سے رابطہ بڑھے گا۔

بعد ازاں، برلا نے 65 ویں دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور دولت مشترکہ کے دیگر ممالک کے پریزائیڈنگ افسران اور اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط بنانے اور مقننہ کو جامع بنانے کے ہندوستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

برلا نے ہندوستانی وفد میں شامل پریزائیڈنگ افسران اور اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ بھی میٹنگ کی اور ان پر زور دیا کہ وہ کانفرنس کے دوران ہونے والی بات چیت کے دوران ہندوستان کا نظریہ پیش کرنے اور کانفرنس کو کامیاب بنانے میں مثبت کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔