شہباز شریف‘ وزیراعظم پاکستان منتخب

: پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف آج ملک کے بلامقابلہ وزیراعظم منتخب ہوگئے کیونکہ ان کے حریف امیدوار شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کا بائیکاٹ کرے گی۔

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف آج ملک کے بلامقابلہ وزیراعظم منتخب ہوگئے کیونکہ ان کے حریف امیدوار شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کا بائیکاٹ کرے گی۔

سابق وزیر خارجہ نے پاکستانی پارلیمنٹ میں کہا کہ قوم کے سامنے دو راستے ہیں۔ ایک راستہ عزت ِ نفس کا ہے جبکہ دوسرا غلامی کا۔اسی دوران لغزش ِ زبان میں پاکستانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ایاز صادق نے شہباز شریف کے بجائے معزول وزیراعظم نواز شریف کا نام لیا۔ بعد میں انہوں نے اس غلطی کے لئے معافی مانگ لی۔

یو این آئی کے بموجب پاکستان میں سیاسی اتھل پتھل اور نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے پیش رفت دوران سابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین نے مشترکہ طور پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان کی ایک رپورٹ کے مطابق معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ مشترکہ طور پر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 7 تاریخ کو آپ کو غیر ملکی مراسلہ موصول ہوتا ہے اور 8 تاریخ کو تحریک عدم اعتماد پیش کی جاتی ہے، اگر کوئی اسمبلی میں بیٹھتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہوگا یہ آپ اس سازش کا حصہ بن رہے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا کسی بھی بیرونی طاقت کو اختیار ہونا چاہیے کہ وہ پاکستان میں حکومتیں بنانے اور حکومتیں توڑنے میں کردار ادا کرے، عمران خان دنیا اور امریکہ کو‘ایبسلوٹلی نوٹ’کہہ چکے ہیں۔

اپوزیشن کے حوالے سے مراد سعید نے کہا کہ پاکستانی قوم نے انہیں مسترد کردیا ہے، یہ پہلے بھی کرپٹ تھے اب بھی کرپٹ ہیں، پہلے بھی بین الاقوامی سازشوں کا حصہ تھے اور اب بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے مشترکہ طور پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بعدازاں ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں مراد سعید نے کہا کہ جن کی حرصِ زر، ہوس اقتدار نے میری قوم کوبھکاری بنایا ان کو ملک کا سربراہ نہیں مانوں گا۔

اس سلسلے میں فرخ حبیب نے بھی ٹوئٹ کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ‘ہم امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتے ’۔پارٹی کے فیصلے کے بعد فواد چوہدری نے بھی مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم آزادی کے لیے لڑیں گے۔

تبصرہ کریں

Back to top button