مہاراشٹرا

ممبئی میرا روڈ میں بلڈوزر کی کارروائی’معمول کی مہم‘: حکومت کا دعویٰ

مہاراشٹر حکومت اور میرا بھیندر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ ایودھیا میں رام پران پرتشٹھا کے موقع پر تشدد کے بعد بلڈوزر کی کارروائی ’معمول کی مہم‘ کا نتیجہ تھی۔

ممبئی: مہاراشٹر حکومت اور میرا بھیندر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ ایودھیا میں رام پران پرتشٹھا کے موقع پر تشدد کے بعد بلڈوزر کی کارروائی ’معمول کی مہم‘ کا نتیجہ تھی۔

دریں اثناء مہاراشٹر کے ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس کے سخت کارروائی کے انتباہ کے ایک دن بعد، میرا بھئیندر میونسپل کارپوریشن نے دوسرے روز بلڈوزر لے کر میرا روڈ کے نیا نگر علاقے میں انہدامی کارروائی کی،یہاں ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح سے قبل دو گروپوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔

میرا بھائیندر میونسپل کارپوریشن کے ایک اہلکار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ شہری ادارہ ایک”معمول کی مہم“ کے حصے کے طور پر علاقے میں تجاوزات کو مسمار کر رہا ہے۔حالانکہ مقامی شہریوں نے اسے غلط بیانی قراردیا ہے۔میرا بھئیندر میونسپل کمشنر سنجے کٹکرمیڈیا سے دور رہے ہیں۔

علاقے میں پولیس کی بھاری نفری کے درمیان مسماری مہم شروع کی گئی۔شہری ادارہ کی یہ مہم نیا نگر میں جھڑپوں کے ایک دن بعد ہوئی ہے جب لوگوں کے ایک گروپ نے بھگوان رام کے بارے میں نعرے لگاتے ہوئے ایک کار اور بائک کو نکالااور مقامی باشندوں نے ان۔پر توڑپھوڑ کا الزام عائد کیا ہے۔

جبکہ ایک گروپ نے مبینہ طور پر گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی۔میرا روڈ کا نیا نگر علاقہ، جو کہ بڑے ممبئی میٹروپولیٹن ریجن کا ایک قصبہ ہے، میں مسلمانوں کی نمایاں آبادی ہے۔

ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس، جن کے پاس ریاست کامحکمہ داخلہ بھی ہے، نے پیر کوہی صحافیوں کو بتایا کہ 13 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے یہاں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا بھی انتباہ دیاتھا۔پھڈنویس نے کہاکہ ”تیرہ ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ہم سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کریں گے اور ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ایسی باتوں کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انتہائی سخت کارروائی کی جائے گی۔تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔جبکہ اسے مبینہ طورپر یکطرفہ کارروائی کہا جارہا ہے۔