شہریوں کیلئے نقصان دہ بلز کی مخالفت کرنا اپوزیشن کا فرض :کانگریس
کانگریس قائدین سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے دہلی ہائی کورٹ میں کہا ہے کہ شہریوں کے حقوق کے لئے نقصان دہ‘ حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے بلز پر تنقید کرنا اور انہیں عوام کے سامنے لانا ملک کے شہریوں کے تئیں اپوزیشن کا بنیادی فرض ہے۔
نئی دہلی: کانگریس قائدین سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے دہلی ہائی کورٹ میں کہا ہے کہ شہریوں کے حقوق کے لئے نقصان دہ‘ حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے بلز پر تنقید کرنا اور انہیں عوام کے سامنے لانا ملک کے شہریوں کے تئیں اپوزیشن کا بنیادی فرض ہے۔
گاندھی خاندان کے دونوں ارکان نے ایک مفاد عامہ کی درخواست (پی آئی ایل) کے جواب میں 2 علیحدہ حلف نامے داخل کئے ہیں۔ اس پی آئی ایل کے ذریعہ ان کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے 2019 میں مخالف شہریت (ترمیمی) قانون کے خلاف احتجاج کے دوران نفرت انگیز تقاریر کی تھیں جس کے نتیجہ میں فروری 2020میں دہلی فسادات ہوئے تھے۔
ان قائدین نے اسے ”پبلسٹی انٹرسٹ لیٹیگیشن“(پی آئی ایل) قراردیتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے منظورہ کسی بھی بل یا قانون کے خلاف کسی شہری کو اپنے خیالات کے اظہار سے روکنا اور عوامی رائے تبدیل کرنے یا اس میں اصلاح کرنے سے روکنا ہمارے حق ِ تقریر کی خلاف ورزی ہے۔
گاندھی خاندان کے ارکان نے اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ دفعہ 153B کے تحت کوئی الزامات عائد نہیں کئے گئے ہیں‘ کہا کہ انہیں چن کر نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ حکمراں جماعت کے ارکان کی جانب سے کی گئی تقاریر کا کوئی نوٹ نہیں لیا جارہا ہے۔