جرائم و حادثات

نیوجرسی میں گجراتی طالب علم نے نانا نانی اور این آر آئی ماموں کو قتل کر دیا

نیوجرسی پولیس نے گجراتی طالب علم اوم برہم بھٹ کو اس کے نانا 72 سالہ دلیپ کمار، ان کی بیوی بندو اور ان کے 38 سالہ بیٹے یش کمار کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

وڈودرا / سورت: نیو جرسی کے ساؤتھ پلین فیلڈ میں ایک تہرے قتل نے گجرات کے آنند ضلع میں صدمے کی لہر دوڑادی دی ہے۔

متعلقہ خبریں
3 امریکی ریاستوں میں ہندوستانیوں کا احتجاج

اس سلسلہ میں ایک 23 سالہ گجراتی طالب علم کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے مبینہ طور پر اپنے نانا نانی اور اپنے ماموں کو ان کے گھر پر گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ فوری طور پر قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

نیوجرسی پولیس نے گجراتی طالب علم اوم برہم بھٹ کو اس کے نانا 72 سالہ دلیپ کمار، ان کی بیوی بندو اور ان کے 38 سالہ بیٹے یش کمار کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

تینوں مہلوکین اور طالب علم اوم برہم بھٹ کا تعلق گجرات کے آنند سے بتایا جاتا ہے۔ نانا دلیپ کمار برہم بھٹ نوساری ضلع کے بلیمورہ میں پولیس سب انسپکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد آنند میں سکونت اختیار کر چکے تھے۔

وہ حال ہی میں اپنے بیٹے یش کمار سے ملنے امریکہ گئے تھے۔ آنند میں برہم بھٹ خاندان کے قریبی لوگوں نے بتایا کہ اوم برہم بھٹ تقریباً 18 ماہ قبل امریکہ منتقل ہوا تھا۔ نانا کے اصرار پر اوم مزید تعلیم کے لئے امریکہ منتقل ہوا تھا۔

قاتل نواسہ اوم برہم بھٹ سے قتل کی وجوہات کے بارے میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ وہ اپنے نانا نانی اور ماموں کے ساتھ ہی ان کے گھر میں مقیم تھا۔ جب پولیس جائے واردات پر پہنچی تو اسے رہائش گاہ پر ہی پایا گیا۔

علاقے سے گولیاں چلنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچ گئی تھی۔ اوم پر غیر قانونی مقصد کے لئے فرسٹ ڈگری قتل کے تین اور سیکنڈ ڈگری کے ہتھیار رکھنے کے تین الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

مقتول جوڑا ریٹائرڈ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کریت برہم بھٹ کا رشتہ دار تھا۔ کریت برہم بھٹ نے 2016 میں خود کو گولی مار کر ہلاک کر لیا تھا۔ کریت برہم بھٹ، دلیپ برہم بھٹ کے بڑے بھائی تھے۔