صورتحال پر قابو پانے میں ہندوستان سرگرم رول ادا کرسکتا ہے: یوکرینی سفیر

یوکرین کے سفیر متعینہ ہندوستان ڈاکٹر ایگور پولیکھا نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے درخواست کی کہ وہ جاریہ بحران کے دوران روس کے ساتھ بات چیت شروع کرے۔

نئی دہلی: یوکرین کے سفیر متعینہ ہندوستان ڈاکٹر ایگور پولیکھا نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے درخواست کی کہ وہ جاریہ بحران کے دوران روس کے ساتھ بات چیت شروع کرے۔

سفیر ایگور پولیکھا نے کہا کہ ہندوستان کے روس کے ساتھ خصوصی تعلقات ہیں اور نئی دہلی اس صورتِ حال پر قابو پانے میں مزید سرگرم رول ادا کرسکتا ہے۔

وزیراعظم مودی سے بحران میں مداخلت کرنے کی درخواست کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی سے ہماری خواہش ہے کہ وہ فوری صدر روس ولادیمیر پوٹین اور ہمارے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ربط پیدا کریں۔

ایگور پولیکھا نے کہا کہ مودی جی دنیا کے ایک انتہائی طاقتور اور انتہائی قابل احترام لیڈر ہیں۔ روس کے ساتھ آپ کے خصوصی اور اسٹراٹیجک تعلقات ہیں۔

ہم بحران کی اس صورتِ حال میں حکومت ِ ہند کی جانب سے موافق رویہ کی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس حملہ کو کھلی جارحیت قراردیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہلاکتوں کے بارے میں تازہ ترین اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

پتہ چلا ہے کہ وہ(روسی فوجی) ہمارے فوجی مراکز اور تنصیبات کو نشانہ بنارہے ہیں تاہم شہریوں کی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ قومی دارالحکومت کے مضافاتی علاقوں میں بھی شہری ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

بعض علاقوں میں لڑائی جاری ہے۔ ہماری وزارت ِ دفاع کی اطلاعات کے مطابق یوکرین نے 5 روسی فوجی لڑاکا طیاروں اور 2 ہیلی کاپٹرس کو مارگرایا ہے۔

2ٹینکس اور کئی ٹرکس کو تباہ کردیا گیا ہے۔ بعض حملے دارالحکومت کے مضافات میں ہوئے ہیں۔ بعض حملے یوکرین کے اندرونی علاقوں میں کئے گئے ہیں۔

ہمارے فوجیوں اور عام شہریوں کی ہلاکتوں کے بارے میں ہمیں تازہ ترین اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

تبصرہ کریں

Back to top button