ضلع متحدہ ورنگل میں شیر کا خوف

شیر کی موجودگی کی اطلاع پر محکمہ جنگلات کے عہدیدار چوکس ہوگئے۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے ٹیمیں تشکیل دیں اور شیر کی تلاش شروع کردی۔ان ٹیموں نے شیر کے پنجوں کے نشانات کو اس علاقہ میں پایا۔

حیدرآباد: ضلع متحدہ ورنگل میں شیر کا خوف پایاجاتا ہے جس کے پیش نظرلوگ گھروں سے نکلنے سے ہچکچاہٹ سے کام لے رہے ہیں۔ گاڑی سوار، سڑکوں پر چلنے والے افراد میں اس تعلق سے تشویش پائی جاتی ہے۔ساتھ ہی مویشیوں کو چروانے کیلئے جنگل کو جانے والوں میں بھی خوف پایاجاتا ہے۔ضلع کے پاکھال جنگلاتی علاقہ میں اس بڑے شیرکی موجودگی سے متصل مواضعات میں رہنے والوں میں دہشت پائی جاتی ہے۔

نرسم پیٹ فاریسٹ ڈیویثرن میں گاڑی سواروں میں بھی خوف پایاجاتا ہے۔مقامی افراد نے کہا کہ اس شیر نے بعض مویشیوں پر حملہ کرتے ہوئے ان کو نشانہ بنایا ہے۔ پاکھال چیک پوسٹ کے حدود میں کوروپورم علاقہ کے لنگنا نامی شخص کے بائیک پر جانے کے دوران شیر کے مخالف سمت سے آنے کے پیش نظروہ گاڑی کو وہیں چھوڑکر فرارہوگیا۔ لنگنا نے بتایا کہ اسی روٹ پر ہیوی گاڑیوں کی آمد پر یہ شیر خوفزدہ ہوکر جنگل میں واپس ہوگیا۔

شیر کی موجودگی کی اطلاع پر محکمہ جنگلات کے عہدیدار چوکس ہوگئے۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے ٹیمیں تشکیل دیں اور شیر کی تلاش شروع کردی۔ان ٹیموں نے شیر کے پنجوں کے نشانات کو اس علاقہ میں پایا۔ ڈیویثرنل فاریسٹ آفیسر(ڈی ایف او) ورنگل رورل اپرنا نے میڈیا کو بتایا کہ پانچ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ہر ٹیم میں چار ارکان شامل ہیں۔ہر ٹیم شیر کی نقل وحرکت پر نظررکھے ہوئے ہے۔ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ یہاں شیر کی نقل وحرکت ہوئی ہے۔اس کے پنجوں کے نشانات دیکھے گئے ہیں۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button