حیدرآباد

حیدرآباد میں زبردست بارش، آئندہ دو دن کے دوران تلنگانہ بھر میں شدید بارش کی پیش قیاسی

شہر کے دیگر علاقوں بشمول یوسف گوڑہ، مادھا پور، ایل بی نگر، دلسکھ نگر، نامپلی اور دیگر مقامات پر 20-40 ملی میٹر کے درمیان بارش ریکارڈ کی گئی۔

حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں ہفتہ کی شام موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث کئی جگہ جگہ سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں مسلسل بارش سے موسم سرد ہوگیا ہے۔

متعلقہ خبریں
بارش سے متاثرہ لوگوں کی مدد میں بی آر ایس حکومت یکسر ناکام: کانگریس
یو اے ای میں گرج چمک کے ساتھ شدیدبارش، سڑکوں پر پانی جمع

جوبلی ہلز میں سب سے زیادہ 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ فلم نگر میں 55 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گچی باؤلی (51.3 ملی میٹر)، شیخ پیٹ (46 ملی میٹر) اور راجندر نگر میں (40.3 ملی میٹر) ریکارڈ کی گئی۔

شہر کے دیگر علاقوں بشمول یوسف گوڑہ، مادھا پور، ایل بی نگر، دلسکھ نگر، نامپلی اور دیگر مقامات پر 20-40 ملی میٹر کے درمیان بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں کے دوران شہر میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو دن میں حیدرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.6 ڈگری سیلسیس زیادہ ہے۔

اگلے دو دنوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 تا 31 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔

اسی دوران تلنگانہ کے بیشتر اضلاع بشمول رنگاریڈی، سنگاریڈی، نارائن پیٹ، محبوب نگر وقارآباد، کاماریڈی، پدا پلی، منچریال، سدی پیٹ اور دیگر میں بھی شدید بارش ہوئی۔

سنگاریڈی کے ناگل گڈا میں سب سے زیادہ 67.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آنے والے دو دنوں کے لئے ریاست میں شدید بارش کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

اضلاع عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد، نظام آباد، نرمل، منچریال، جگتیال، کاماریڈی، راجنا سرسلہ، کریم نگر، جئے شنکر بھوپال پلی اور پداپلی سمیت دیگر اضلاع میں اگلے دو دنوں میں موسلادھار بارش ہونے والی ہے۔ ان اضلاع میں ایلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔